بہار کیمسٹ اینڈ ڈرگسٹ ایسوسی ایشن کی اپیل پر ریاست میں دوا کے سبھی تھوک اور خوردہ تاجر فارماسسٹوں کے مسائل کے حل ہونے تک قبل کا ہی نظام نافذ رہنے، دوا دکانداروں کا لائسنس رد کرنے پر روک، دو ا دکانوں کے معائنہ میں یکسانیت اور شفافیت، محکمہ جاتی معائنہ کے دوران تشدد پر روک سمیت کئی مطالبات کی حمایت میں بدھ کو تین روزہ ہڑتال پر چلے گئے۔
اتنا ہی نہیں ایسوسی ایشن نے حکومت کو انتباہ بھی دے دیا تھا کہ اگر ان کے مطالبات نہیں پورے کئے گئے تووہ غیر معینہ مدت تک کیلئے ہڑتال پر چلے جائیںگے۔ دوا تاجروں کی ہڑتال پر جانے سے ریاست کی صحت خدمات پر خاصہ اثر دیکھا گیا۔
بہار میں صحت طبی خدمات اور مزید متاثر نہ ہو اور مریضوں کی حالت کو دھیان میں رکھتے ہوئے حکومت نے ایسوسی ایشن سے بات کرنے کی پہل کی۔
وزیر صحت منگل پانڈے نے ایسوسی ایشن کو بات چیت کیلئے بلایا۔
ایسوسی ایشن نے بتایا کہ وزیر صحت منگل پانڈے اور محکمہ کے پرنسپل سکریٹری سنجے کمار سے بات چیت میں یقین دہانی ملنے کے بعد بہار کیمسٹ اینڈ درگسٹ ایسو سی ایشن نے کل دیر رات ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کیا۔ آج سے ریاست کی سبھی دوا دکانیں کھلی رہیںگی۔
غورطلب ہے کہ اس سے قبل بہار کیمسٹ اینڈ ڈرگسٹ ایسو سی ایشن نے اپنے مطالبات کی حمایت میں محکمہ صحت سے بات چیت کرنے کی کوشش کی تھی لیکن بات نہیں بنتی دیکھ ایسوسی ایشن نے تین روزہ ہڑتال کا اعلان کر دیا تھا۔