علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج سے ہٹائے گئے دو ڈاکٹرز کی خدمات کو بحال کر دیا گیا ہے، دونوں کی مدت ملازمت میں توسیع بھی کر دی گئی ہے، حال ہی میں ہاتھرس اجتماعی جنسی تشدد کی متاثرہ کی میڈیکل رپورٹ پر اپنی رائے دینے کے بعد میڈیکل کالج سے دونوں ڈاکٹرز کو معطل کر دیا گیا تھا جس کے بعد سخت تنقید شروع ہو گئی تھی۔
علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے تعلقات عامہ کے افسر عمر پیرزادہ نے دونوں ڈاکٹرز کو دوبارہ بحال کیے جانے کی تصدیق کی ہے۔
تنقید کے بعد یونیورسٹی انتظامیہ کی جانب سے کہا گیا کہ دونوں ڈاکٹرز کو ایک ماہ کے لیے 'لیو ویکینسی' پر بھیجا گیا ہے، تاہم اس معاملے میں ریذیڈنٹ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن نے علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے وائس چانسلر کو ان دونوں ڈاکٹرز کو واپس بحال کرنے کے لیے ایک خط لکھا اور 24 گھنٹوں کے اندر بحال نہیں کیے جانے پر ریذیڈنٹ ڈاکٹرز (آر ڈی اے) کی جنرل باڈی میٹنگ طلب کرنے کو کہا تھا۔
ڈاکٹر حمزہ ملک نے کہا تھا کہ اگر دونوں ڈاکٹرز کو واپس بحال نہیں کیا گیا تو ریذیڈنٹ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کوئی بڑا فیصلہ لے سکتے ہیں۔
دونوں ڈاکٹرز ہاتھرس اجتماعی جنسی تشدد کی متاثرہ کا علاج کرنے والے ڈاکٹرز میں شامل تھے، تاہم متاثرہ کو جے این میڈیکل کالج سے دہلی کے ایک اسپتال ریفر کیا گیا تھا، جہاں اس کی موت ہوگئی۔ اسی دوران متاثرہ کی ایف ایس ایل رپورٹ کے بارے میں بھی سوالات اٹھائے جارہے تھے۔ جس پر ڈاکٹر محمد عظیم الدین ملک نے میڈیا کے سامنے اپنی رائے رکھی تھی، ڈاکٹر عظیم الدین کی جانب سے کہا گیا تھا کہ متاثرہ کا نمونہ واقعہ کے 11 دن بعد لیا گیا تھا۔
تاہم اس معاملے میں پروگریسیو میڈیکل اینڈ سائنسی فورم کے صدر ڈاکٹر ہرجیت سنگھ بھٹی نے بھی اے ایم یو کے وائس چانسلر ڈاکٹر طارق منصور سے ہٹائے گئے ڈاکٹروں کو واپس بحال کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔