کانگریس کے ترجمان اجے ماکن نے جمعرات کو دہلی میں واقع پارٹی کے ہیڈ کوارٹر میں پریس کانفرنس میں کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کے رہنما ہمیشہ این آر سی کی بات کرتے رہے ہیں۔ این آر پی کے بارے میں وہ کبھی بھی کوئی بات نہیں کی۔ وہ صرف این آر سی کی ہی رٹ لگاتے رہے ہیں لیکن گذشتہ ہفتے کے آخر میں اچانک مرکزی کابینہ کے اجلاس میں این آر پی لانے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ این آر سی ہمیشہ بی جے پی کے ایجنڈے کا حصہ رہا ہے لیکن گزشتہ دس دنوں سے ملک بھر میں جاری احتجاج اور مظاہرہ کے پیش نظر حکومت نے اس کا طریقہ بدل دیا ہے۔ این آر پی میں عام رہائشیوں سے جس طرح سوال پوچھنے کا التزام ہے اور ان سے جس طرح کی معلومات طلب کی جا رہی ہیں اس سے واضح ہے کہ حکومت این آرپی کی اطلاع کا استعمال این آر سی میں کرنا چاہتی ہے۔