الہ آباد ہائی کورٹ نے آج اپنے اہم فیصلے میں غازی پور ڈی ایم کے فرمان کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے مساجد میں اذان دینے کی اجازت دے دی ہے۔عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ مساجد میں کووڈ 19 کی گائیڈ لائن کی کوئی خلاف ورزی نہیں ہوتی ہے۔
کورٹ نے کہا کہ یہ مذہبی آزادی سے جڑا معاملہ ہے۔ حالانکہ کورٹ نے مائک سے اذان دینے پر روک لگا دی ہے لیکن ان مساجد میں مائک سے اذان ہو سکتی ہے جہاں کی انتظامیہ نے پہلے سے اسکی اجازت لے رکھی ہے۔ہائی کورٹ نے اپنے فیصلے میں یہ بھی کہا کہ جن مساجد کے پاس اجازت نہیں ہے وہ لاؤڈاسپیکر استعمال کے لئے اپلیکیشن دے سکتے ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ غازی پور کے ڈی ایم نے لاک ڈاؤن کے دوران مساجد سے اذان پر روک لگا دی تھی۔ اس معاملے میں مقامی لوگوں نے ڈی ایم سے ملاقات کی لیکن ڈی ایم نے اس کی اجازت نہیں دی۔معاملہ تب بڑھ گیا جب غازی پور کے ایم پی افضال انصاری نے ہائی کورٹ کا رخ کیا، جہاں آج فیصلہ آگیا۔