مہاراشٹر کانگریس کے سکریٹری سید ذیشان احمد نے کہا نجی نیوز چینل کے ایک صحافی نے سلطان الہند حضرت خواجہ غریب نواز ؒ کی شان میں گستاخی کر کے نہ صرف مسلمانوں بلکہ تمام بھارتیوں یا یوں کہا جائے کہ دنیا بھر کے کروڑوں انسانوں کے جذبات کو مجروح کیا ہے۔
حضرت خواجہ غریب نواز ؒ وہ پایہ کے بزرگ ہیں جن کا احترام بلا تفریق مذہب و ملت تمام انسان کرتے ہیں اور خواجہ غریب نواز ؒکے دربار میں حاضر ہونے والوں میں ہر مذہب اور ہرعلاقہ کے لوگ شامل ہوتے ہیں۔
مہاراشٹر کانگریس کے سکریٹری سید ذیشان احمد نے نیوز اینکر پر سخت برہمی کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ فوری طور پر اس اینکر کو نیوز چینل سے برخواست کر دینا چاہیے اور ہم حکومت ہند سے ملک کی عدلیہ سے اور تمام انصاف پسندوں سے اپیل کرتے ہیں کہ ا س شخص کو آئین اور قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے ایسی سزا دلوائی جائے جس سے آئندہ کوئی اس طرح کی جرا ٔت نہ کر سکے ۔
انھوں نے کہا کہ مذکورہ اینکر نے اپنی تمام حدیں پار کردی ہیں اور ایک عظیم صوفی حضرت خواجہ معین الدین چشتی اجمیری ؒکی شان میں جو بیہودہ بات کی ہے اس سے دنیا بھر میں خواجہ صاحب کے چاہنے والوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچی ہے۔
سید ذیشان احمد نے مزید کہا کہ ہمیں افسوس اس بات پر ہوتا ہے کہ جو لوگ نفرت کی زبان بولتے ہیں ویسے لوگوں کو کوئی بھی میڈیا ہاوس کیوں اپنے یہاں رکھتے ہیں جن کا مقصد صرف اور صرف نفرت پھیلانا ہوتا ہے ورنہ خواجہ صاحب کے تعلق سے اس طرح کی نفرت آمیز بات کوئی نہیں کہہ سکتا جو نیوز اینکر نے کی ہے۔
سید ذیشان احمد نے کہا کہ اجمیر شریف میں حضرت خواجہ معین الدین چشتی کے آستانہ پر صرف اور صرف بھائی چارگی ہی ملتی ہے یہاں پر ہندو مسلم سکھ عیسائی سبھی مذہب کے لوگ اپنی عقیدت کا نذرانہ پیش کرتے ہیں۔