آئی ایس پی آر کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق، پاک افغان سرحد پر افغان سیکورٹی فورسز کی فائرنگ سے پاک فوج کے 6 جوانوں سمیت 11 شہری زخمی ہوگئے۔ زخمیوں میں ایک خاتون بھی شامل ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ افغان سیکورٹی فورسز نے صوبہ کنٹر کے ضلع ناری سے ہیوی مشین گنوں سے فائرنگ کی اور افغان فورسز کی جانب سے مارٹروں کا بھی استعمال کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق، افغان فورسز کی فائرنگ سے چترال کے سرحدی علاقے کے گاؤں اروندو میں پاک فوج کے 6 جوان، جب کہ خاتون سمیت 5 افراد زخمی ہوگئے، پاک فوج نے بھی بھرپور جوابی کارروائی کی جس کے نتیجے میں افغان بارڈر پوسٹوں کو شدید نقصان پہنچا۔
دوسری جانب افغان حکام کا کہنا ہے کہ پیر کے روز پاکستان کی طرف سے فائر کیے جانے والے مارٹر اور راکٹس کی وجہ سے کنڑ کے علاقے میں تین خواتین ہلاک ہوگئی تھیں۔
گورنر کنٹر کے ترجمان کے مطابق، اس تنازعہ کا آغاز اتوار کے روز ہوا جب پاکستانی فوجی اہلکار سرحد کے ساتھ ملٹری تنصیبات کھڑی کر رہے تھے اور افغان حکام نے انہیں روکا، اس تنازعہ کے بعد دونوں اطراف سے فائرنگ کی گئی جس کے نتیجہ میں چار سویلین زخمی بھی ہوئے۔
افغان حکام کے مطابق، فائرنگ کی وجہ سے درجنوں افراد کو علاقے سے نقل مکانی کرنا پڑی ہے، جبکہ فائرنگ کی وجہ سے مزید فورس بھی علاقے میں منگوا لی گئی ہے۔