سرکاری ذرائع نے بتایا کہ پاکستانی فوجیوں نے سرحدپار سے بھارتی فوج کی عبوری چوکیوں اور رہائشی علاقوں کو ہدف کرکے گولی باری کی اور مورٹار داغے۔ ہندوستانی فوجیوں نے بھی جوابی گولا باری کی۔ گولی باری میں پانچ افراد زخمی ہوئے ہیں۔ زخمیوں کو ٹنگڈار کے ہسپتال میں داخل کروایا گیا ہے۔ ان میں شدیدزخمی شخص کو سری نگر ریفر کر دیا گیا ہے۔
فوجی ذرائع کے مطابق رواں برس کے دوران جمون و کشمیر میں لائن ااف کنٹرول پر سینکڑون بار 2003 میں بھارت اور پاکستان کے درمیان ہوئے سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی ہوئی ہے۔
فوج کا کہنا ہے کہ پاکستانی افواج عسکریت پسندوں کو کشمیر میں داخل کروانے کیلئے گولہ باری کی آڑ دیتی ہے۔
شمالی کشمیر کے بارہمولہ ضلع کے اوڑی سیکٹر اور کپوارہ کے ٹنگڈار، ٹیٹوال اور نوگام سیکٹرز میں سب سے زیادہ گولہ باری ہوئی ہے جبکہ جموں صوبے کے پونچھ اور راجوری اضلاع کے سرحدی علاقوں میں بھی گولہ باری کے متعدد واقعات پیش آئے جن میں کافی مالی اور جانی نقصان ہوا ہے۔ فوجی ذرائع کے مطابق لائن آف کنٹرول کے اس پار عسکریت پسند وادی میں داخل ہونے کیلئے مناسب وقت کی تلاش مین رہتے ہیں۔
فوج کا کہنا ہے کہ حالیہ برفباری کے نتیجے میں دراندازی کے واقعات میں کمی ہوسکتی ہے۔