اندازہ کیا جارہا ہے کہ اس سال حج کمیٹی صرف سالانہ حج کے لیے اجازت دے گی عمرہ کے لیے نہیں دے گی۔
کورونا وائرس کے پیش نظر سعودی عرب نے غیر معینہ مدت کے لیے اسلام کے مقدس مذہبی سفر کے لیے عمرہ زائرین کو ویزا دینا بند کردیا ہے۔
کیرالہ کے دس ہزار عازمین حج جو اس سال حج کے لیے اپنی باری کے منتظر ہیں اس فیصلہ کے پیش نظر کافی پریشان ہیں۔ کیرالہ اسٹیٹ حج کمیٹی کے چیرمین سی محمد فیضی نے کہا کہ اس سال دس ہزار عازمین کو حج کے لیے اجازت دی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ فکر کی کوئی بات نہیں ہے ہمیں امید ہے کہ سفر کے دوران سعودی حکومت پابندیوں کو ختم کردے گی۔
عمرہ ایسا سفر ہے جو سال میں کبھی بھی مقدس مقامات کی زیارت کے لیے کیا جاسکتا ہے جبکہ حج قمری سال کے ایک مخصوص مہینے میں کیا جاتا ہے۔
سعودی عرب کی حکومت کی جانب سے سفری پابندی عائد کرنے کا اقدام کورونا وائرس پھیل جانے کی وجہ سے تھا۔ یہ ایک احتیاطی اقدام ہے۔ اس طرح کے عظیم اجتماع میں اگر ایک شخص متاثر ہے تو دوسروں میں بھی یہ وائرس پھیل سکتا ہے۔
محمد فیضی نے کہا کہ ہم سعودی حکومت کے خدشات کو سمجھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حج کمیٹی صرف حج کے درخواست کو منظور کرے گی عمرہ کی زیارت کو نہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس سال حج سیزن ماہ رمضان کے بعد جون سے آگست میں متوقع ہے لیکن رمضان کی تاریخ کے مطابق اس میں بدلاؤ ہوسکتا ہے۔ اور سفری پابندیوں کے تعلق سے انہیں ابھی تک کوئی بھی سرکاری خط وصول نہیں ہوا۔
سعودی عرب حکومت نے کورونا وائرس سے متاثرہ ممالک کے لیے سیاحتی ویزا کو معطل کردیا ہے جن میں کئی کا عمرہ ویزا لمحہ آخر میں معطل ہوگیا تھا۔