حیدرآباد: سابق ریاست حیدرآباد دکن کے آخری فرمانرواآصف سابع نواب میرعثمان علی خان کے پوتے آصف جان ثامن نواب میربرکت علی خان مکرم جاہ بہادر کے بڑے بیٹے میر عظمت علی خان عظمت جاہ کو آصف جاہی خاندان کا نواں سربراہ قرار دیا گیا۔ تاج پوشی کی تقریب ہفتہ کو چومحلہ پیلس کے کورونیشن ہال میں منعقد ہوئی۔ اس تعلق سے عظمت جاہ بہادر کے دفتر سے اعلامیہ جاری کیا گیا۔
اس میں کہا گیا ہے کہ نواب میر برکت علی خان مکرم جاہ بہادر نے اپنی زندگی کے دوران اپنے بڑے بیٹے میر محمد عظمت علی خان عظمت جاہ کو اپنے جانشین کے طور پر مقرر کرنے کی خواہش ظاہر کی تھی اور فرمان کے مطابق حیدرآباد کے ہشتم نظام کو بنایا تھا۔ اس میں مزید کہا گیا کہ آصف جاہی خاندان کے 299 سال سے موجود رسوم و رواج کی پیروی کرتے ہوئے حیدرآباد کے ہشتم نظام کی موجودگی میں دعاؤں کے ساتھ ایک سادہ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
واضح رہے کہ آصف جان ثامن نواب میربرکت علی خان مکرم جاہ بہادر کا ترکی کے استنبول میں انتقال ہوگیا تھا، جس کے ساتھ ہی حیدرآباد میں سوگ کی لہر دیکھی گئی۔ ان کی عمر 90برس تھی۔ حیدرآباد میں تدفین کی ان کی خواہش کے مطابق ان کی میت 17جنوری کو حیدرآباد لائی گئی اورآخری دیدار کیلئے چومحلہ پیالیس میں رکھا گیا۔ ان کی تدفین مکہ مسجد میں عمل میں آئی، جہاں آصف جاہی حکمران، ان کے ارکان خاندان مدفون ہیں۔مکرم جاہ کے والد پرنس آف برار نواب میرحمایت علی خان اعظم جاہ بہادر آصف جاہی خاندان کے مکہ مسجد میں مدفن آخری شخصیت تھی۔
مزید پڑھیں:۔ Former Nizam Of Hyderabad Passes Away حیدرآباد کے آٹھویں نظام نواب مکرم جاہ بہادر کا ترکی میں انتقال
مکرم جاہ بہادر کے دادا نواب میر عثمان علی خاں نے اپنی زندگی میں ایسے کارنامے انجام دیے ہیں جنہیں رہتی دنیا تک یاد رکھا جائے گا۔ ریاست حیدرآباد میں عثمانیہ یونیورسٹی کا قیام، ریلوے لائن، اسٹیٹ بینک آف حیدرآباد کی قیام، آر ٹی بسوں کی شروعات، ہسپتالوں کا قیام کے علاوہ کئی ایسے کارنامے ہیں جنہیں فراموش نہیں کیا جاسکتا۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ مکرم جاہ بہادر کی وفات سے نواب میر عثمان علی خاں کے جانشینی کا خاتمہ ہوگیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ مکرم جاہ بہادر کے غم میں برابر کے شریک ہیں اور ان کے افراد خاندان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ وزیر داخلہ نے غمزدہ خاندان کے ارکان سے اپنی گہری ہمدردی کا اظہار کیا۔ آخر میں کہا کہ نواب مکرم جاہ بہادر کی خواہش کے مطابق ان کی تدفین مکہ مسجد میں عمل میں لائی جائے گی، جہاں آصف جاہی حکمران، ان کے ارکان خاندان مدفون ہیں۔