شب برات رحمتوں و برکتوں کی رات ہے، اس رات کی فضیلت و اہمیت سے کسی بھی ایمان والے کو شک و شبہ نہیں، یہ بات حقیقت ہے لیلۃ القدر کی فضیلت اپنی جگہ ہے تصدیق شدہ ہے، لیکن اس رات کی بھی فضیلت سے انکار نہیں کیا جاسکتا ہے۔
اس تعلق سے قومی ایوارڈ یافتہ محمود علی خان نے امت مسلمہ کو یہ پیغام دیا کہ ' یہ رات بابرکت رات ہے، اللہ سے دعا و استغفار کرنے کی رات ہے، اپنے گناہوں سے معافی طلب کرنے کی رات ہے، لہذا لوگوں کو چاہئے کہ وہ اس رات کا اہتمام کریں بارگاہ ایزدی میں اپنے گناہوں کی مغفرت طلب کریں اور تمام ملک کے لیے دعا کریں۔
انہوں نے کہا کہ 'شب برات کا مطلب مغفرت یا کفارہ کی رات ہے، اس رات میں مسلمان خاص طور پر ذکر و اذکار تلاوت کلام اللہ کا خاص اہتمام کرنا چاہئے۔ اس رات میں حضور اکرم ﷺ سے قبرستان جانا بھی ثابت ہے۔
واضح رہے کہ اسلامک نقطہ نظر سے شعبان کا مہینہ بڑی اہمیت کا حامل ہے۔ ماہ شعبان کی فضیلت قرآن و حدیث سے ثابت ہے۔ اس ماہ میں ایک ایسی رات ہے جس میں عبادت کرنے اور گناہوں سے توبہ استغفار سے اللہ رب العزت بندوں کے گناہوں کو معاف کرتا ہے اور رزق میں وسعت دیتا ہے۔ اس رات کو شب برات کہا جاتا ہے۔