کھنڈوا: ریاست مدھیہ پردیش کے ضلع کھنڈوا میں مسجد جاتے ہوئے ایک مسلم عالم دین اور ایک شخص پر مبینہ طور پر تین نابالغ لڑکوں نے چاقو سے حملہ کردیا، جس کے سبب وہ زخمی ہوگئے ہیں۔ زخمیوں کو علاج کے لئے اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے، جہاں دونوں کی حالت مستحکم بتائی گئی ہے۔ پولیس نے اس سلسلے میں کارروائی کرتے ہوئے ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ عالم دین شیخ حذیفہ اور ایک محمد طلحہ رات میں ایک راستے سے گزر رہے تھے، اسی دوران تین لوگوں نے ان پر چاقو سے حملہ کردیا۔ اس حملے میں دونوں زخمی ہوئے ہیں، جنکو اندور کے قریبی اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔حزیفہ کی حالت مستحکم ہے جبکہ طلحہ کی حالت بھی خطرے سے باہر ہے۔ دونوں سینے کے قریب زخمی ہوئے ہیں۔
مزید پڑھیں:۔ Mob Lynching in Muzaffarpur مظفر پور میں ایک نوجوان کا پیٹ پیٹ کر قتل
اس واقعے کے بعد پولیس نے شکایت درج کرتے ہوئے تین نابالغوں کو گرفتار کر لیا، جہاں ان سے پوچھ گچھ کی جارہی ہے۔ پولیس کے مطابق اس معاملہ میں مزید تفتیش جاری ہے۔ اس واقعہ کے بعد مسلم کمیونٹی کے کئی ارکان نے پدم پولیس اسٹیشن پر احتجاج کتے ہوئے ملزمان کو گرفتار کرنے اور ان کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا۔ وہیں آزاد کارپوریٹر اشفاق سگاد نے ملوث افراد کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا، حالانکہ پولیس نے اس سلسلے میں تین نابالغ لڑکوں کو گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ علاقے میں امن و شانتی کو بحال کرنے کے لئے پولیس کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی ہے اور جو بھی اس کیس میں ملوث پایا جائے گا اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔