وزیر اعظم مودی نے یہاں وشوناتھ اور چرئی دیو میں میڈیکل کالج اسپتال کے سنگ بنیاد کے موقع پر ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 'میرا ایک خواب ہے حالانکہ کچھ لوگ اسے ناعاقبت اندیشی بھی کہہ سکتے ہیں۔ میرا خواب ہے کہ ہر ایک ریاست میں کم ازکم ایک میڈیکل کالج اور ایک تکنیکی کالج ہوں جہاں مقامی زبان میں تعلیم دی جائے۔'
انہوں نے کہا کہ 'آسام میں اپریل مئی میں انتخاب کے بعد نئی حکومت آنے پر اس سمت میں کام شروع ہوگا۔ یہ کام آہستہ آہستہ شروع ہوسکتا ہے لیکن ایک بار شرو ع ہونے کے بعد اسے کوئی روک بھی نہیں سکے گا۔'
انہوں نے کہا کہ 'صحت اور سہولیات کے شعبے میں آسام پہلے پیچھے رہا اور گزشتہ چھ دہائیوں میں چھ میڈیکل کالج کی بنسبت 2016 کے بعد پانچ سالوں کے اندر ریاست میں چھ نئے میڈیکل کالج کھولےگئے ہیں۔'
گوہاٹی کے ایمس کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے اعتماد کا اظہار کیا کہ یہ جلد ہی شمال مشرقی خطے کے لئے طبی سہولیات کے مرکز میں تبدیل ہوجائے گا۔
مزید پڑھیں:
بین الاقوامی طاقتیں ملک کو بدنام کرنے کی سازش میں مصروف: مودی
انہوں نے مرکز کے مختلف صحت منصوبوں کو نافذ کرنے کے لئے آسام کی بھارتیہ جنتا پارٹی کی زیرقیادت حکومت کی ستائش کی اور کہا کہ یہ یقینی بنانے کی ضرورت ہے کہ معاشی طور سے کمزور طبقے کی محنت کی کمائی کو میڈیکل اخراجات پر خرچ ہونے سے بچایا جائے۔
یواین آئی