آندھراپردیش کے گناورم ایرپورٹ پر بدھ کی صبح شدید کہرا کی وجہ سے طیاروں کی لینڈنگ میں سخت مشکلات پیش آئیں۔ کہرے کی وجہ سے کئی طیاروں کے رخ کو موڑنا پڑا۔
اسی طرح بنگالوروسے گناورم ایرپورٹ آنے والا ایک طیارہ لینڈنگ نہیں کرسکا۔ اسپائس جیٹ کے اس طیارہ میں تقریبا 50 مسافرین سوار تھے۔ اس نے کئی مرتبہ لینڈنگ کی کوشش کی تاہم خراب روشنی کی وجہ سے وہ ایسا نہیں کرسکا۔
بعد ازاں یہ طیارہ حیدرآباد روانہ ہوگیا۔ حیدرآباد سے گناورم جانے والی انڈیگو کی فلائٹ اور دہلی سے گناورم آنے والی فلائٹ کی لینڈنگ بھی دوسرے ایرپورٹس پر کی گئی۔ یہ صورتحال تقریبا دس بجے دن تک ایسی ہی رہی۔
دوسری طرف انڈیگو کے عہدیداروں کا کہنا ہے کہ انڈیگو کی دہلی سے گناورم ایرپورٹ جانے والی فلائٹ کے رخ کو پٹنہ کی سمت موڑ دیا گیا۔ ایرپورٹ کے عہدیداروں نے کہا کہ کہرے کی وجہ سے کئی فلائٹس کے رخ کو موڑ دیا گیا۔ ان عہدیداروں نے کہا کہ وہ صورتحال کا وقتا فوقتا جائزہ لے رہے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ صورتحال کے معمول پر آنے کے بعد طیاروں کو اترنے کی اجازت دی جائے گی۔