مختلف ریاستوں میں اسمبلی انتخابات کے پیش نظر بی جے پی کی مرکزی انتخابی کمیٹی امیدواروں کے ناموں کی پہلی فہرست کو حتمی شکل دینے کے لئے آج ایک نشست منعقد کرے گی، جس میں وزیر اعظم نریندر مودی سمیت بی جے پی کے اعلیٰ رہنما شرکت کریں گے۔
ذرائع کے مطابق اس نشست میں 27 مارچ کو آسام اور مغربی بنگال میں پہلے مرحلے کے تحت جن سیٹوں پر ووٹ ڈالے جانے ہیں، وہاں کے امیدواروں کے نام پر فیصلہ ہو سکتا ہے۔
اس سے قبل دونوں ریاستوں کی بی جے پی کور گروپ کی پارٹی کے مرکزی رہنماؤں کے ساتھ بھی ایک میٹنگ کی تجویز کی گئی ہے جس میں بی جے پی صدر جے پی نڈا بھی شریک ہوں گے۔
آسام کور گروپ وزیر اعلی سربانند سونووال، وزیر ہیمنت بسووا سرما اور ریاستی بی جے پی صدر رنجیت کمار داس پر مشتمل ہے، جبکہ مغربی بنگال کا کور گروپ ریاستی صدر دلیپ گھوش اور تنظیم سے وابستہ کچھ سرکردہ قائدین پر مشتمل ہے۔
مغربی بنگال، تمل ناڈو، آسام، کیرالہ اور یونین ٹریٹریری پڈوچیری میں ووٹنگ کا عمل 27 مارچ سے شروع ہوگا اور 29 اپریل تک مختلف مراحل میں مکمل ہوگا۔ 2 مئی کو ووٹوں کی گنتی کے بعد یہ واضح ہوجائے گا کہ 2021 میں ہونے والے ان پہلے انتخابات میں کون انتخابات جیتتا ہے۔
مغربی بنگال میں 27 مارچ سے 29 اپریل تک آٹھ مراحل میں ووٹنگ ہوگی جبکہ آسام میں 27 مارچ سے 6 اپریل کے درمیان تین مراحل میں ووٹنگ ہوگی۔ تامل ناڈو، کیرالہ اور پڈوچیری میں 6 اپریل کو ایک مرحلے میں انتخابات ہوں گے۔
مغربی بنگال میں ترنمول کانگریس گذشتہ 10 سالوں سے اقتدار میں ہے۔ اس بار بی جے پی اور دیگر اپوزیشن جماعتیں اسے چیلنج کررہی ہیں۔ بی جے پی نے وزیر اعلی ممتا بنرجی کو اقتدار سے ہٹانے کے لئے کافی کوششیں کی ہیں۔
آسام میں پہلے مرحلے کے تحت 27 مارچ کو 47 اسمبلی نشستوں پر، 29 اپریل کو دوسرے مرحلے کے تحت 39 اسمبلی نشستوں پر اور تیسرے اور آخری مرحلے میں 40 اسمبلی نشستوں پر چھ اپریل کو پولنگ ہوگی۔ آسام میں اسمبلی کی 126 سیٹیں ہیں۔ آسام قانون ساز اسمبلی کی میعاد 31 مئی کو مکمل ہو رہی ہے۔
اس بار آسام میں بی جے پی کے پاس اپنی طاقت بچانے کا چیلنج ہے۔ وہاں اسے کانگریس اور اے آئی یو ڈی ایف کے اتحاد کا سامنا کرنا ہے۔ بی جے پی نے شمال مشرق کی اس ریاست میں پہلی بار اقتدار حاصل کیا، جس نے گذشتہ اسمبلی انتخابات میں کانگریس کے 10 سالہ اقتدار کو ختم کیا۔
تمل ناڈو میں کل 234 اسمبلی نشستیں ہیں اور اس کی میعاد 24 مئی کو مکمل ہورہی ہے۔ کیرالا میں اسمبلی کی 140 نشستیں ہیں اور وہاں اسمبلی کی میعاد یکم جون کو مکمل ہورہی ہے۔ پڈوچیری میں 30 نشستوں کے لئے انتخابات ہوں گے اور وہاں کی اسمبلی کی میعاد 8 جون کو مکمل ہورہی ہے۔
تمل ناڈو میں گذشتہ 10 سالوں سے آل انڈیا انا دراویڈ مننیتر کاڑگم (اے آئی اے ڈی ایم کے) کی حکومت ہے۔ ریاست کے عوام نے سنہ 2016 کے اسمبلی انتخابات میں اے اے اے ڈی ایم کی سربراہ جے جے للیتا کو دوبارہ اقتدار سونپا تھا۔ اس انتخاب میں اے آئی اے ڈی ایم کے نے 135 نشستوں پر کامیابی حاصل کی جبکہ ڈی ایم کے 88 نشستوں پر محدود ہو گئی تھی۔ کانگریس کو آٹھ سیٹیں ملی تھیں جبکہ بی جے پی کا کھاتہ بھی نہیں کھلا تھا۔
اس سال کے اسمبلی انتخابات میں اے آئی اے ڈی ایم کے اور بی جے پی نے ایک اتحاد تشکیل دیا ہے اور وہ ڈی ایم کے اور کانگریس اتحاد سے مقابلہ کریں گے۔
کیرالہ میں اس وقت بائیں بازو کے جمہوری محاذ کی حکومت ہے۔ اس کا مقابلہ کانگریس کے زیرقیادت یونائیٹڈ ڈیموکریٹک فرنٹ سے ہے۔ بی جے پی بھی وہاں اپنے آپ کو قائم کرنے کے لئے طویل عرصہ سے کوشش کر رہی ہے۔ گذشتہ اسمبلی انتخابات میں سی پی آئی ایم نے 58 نشستوں پر کامیابی حاصل کی تھی جبکہ اس کی حلیف جماعت سی پی آئی نے 19 نشستوں پر کامیابی حاصل کی تھی۔ کانگریس نے 22 نشستوں پر کامیابی حاصل کی اور آئی ایم یو ایل نے 18 نشستوں پر کامیابی حاصل کی۔ بی جے پی کو صرف ایک سیٹ سے مطمئن ہونا پڑا تھا۔
2016 کے انتخابات کے بعد پوڈوچیری میں وی نارائن سامی کی سربراہی میں کانگریس اور ڈی ایم کے کی مخلوط حکومت تشکیل دی گئی اور وی نارائن سامی ریاست کے وزیر اعلی بن گئے۔ حال ہی میں ممبران اسمبلی کے استعفے کے بعد کانگریس حکومت اقلیت میں آگئی اور وزیر اعلیٰ کو اپنے عہدے سے استعفیٰ دینا پڑا۔