بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی اتحادی اپنا دل (ایس) سربراہ و مرزاپور سے رکن پارلیمان انوپریا پٹیل نے وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت والی مرکزی کابینہ میں دوسری بار مملکتی وزیر کے طور پر حلف لیا ہے۔
اس سے پہلے انہوں نے مودی حکومت کے پہلے میعاد کار کے دوران سال 2016 میں مرکزی صحت و کنبہ فلاح و بہبود کی مملکتی وزیر کے طور پر حلف لیا تھا۔ مودی کےدوسرے میعاد میں ہوئے پہلے کابینہ توسیع میں 43 لیڈروں کی فہرست میں سات نام اترپردیش سے ہیں۔ جس میں محترمہ پٹیل کے علاوہ لکھنؤ کے رکن پارلیمان کوشل کشور، مہاراج گنج سے پنکج چودھری، جالون سے بھانو پرتاپ ورما اور بی ایل ورما، آگرہ سے ایس پی سنگھ بگھیل اور لکھیم پور کھیری کے رکن پالیمان اجے مشرا شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:
مودی 2.0 کابینہ میں توسیع: 43 ارکین پارلیمنٹ نے لیا حلف
حال ہی میں مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ اور بی جے پی سربراہ جے پی نڈا سے ملاقات کے بعد انہیں کابینہ میں شامل کئے جانے کی چہ میگوئیاں تیز ہوگئی تھیں۔ پسماندہ طبقات کے مسائل کے حل کے لئے اپنا دل(ایس) رکن پارلیمان وزارت اقلیتی امور کی طرز پر مرکزی حکومت میں دیگر پسماندہ طبقات (او بی سی) وزارت کی تشکیل کا مطالبہ کرتی رہی ہیں۔ حالانکہ کابینہ کا حصہ بننے کے بعد ان کی یہ کوشش کتنی کامیاب ہوگی یہ مستقبل میں ہی پتہ چل سکے گا۔
یو این آئی