علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی تاریخ میں پہلی مرتبہ کسی وائس چانسلر کی مدت میں ایک سال کی توسیع کی گئی ہے جس کے خلاف نامعلوم افراد نے وائس چانسلر کی رہائشگاہ کی دیوار پر نعرے لکھے، جس کے بعد یونیورسٹی انتظامیہ نے دیوار پر لکھے نعروں پر رنگ ڈال کر اس کو مسخ کردیا ہے اور تین طلبہ کو وجہ بتاو نوٹس جاری کیا اور پانچ سیکیورٹی گارڈ کو معطل بھی کیا۔ Slogans Against The Vice Chancellor On The Wall
واضح رہے کہ پروفیسر طارق منصور کو 16 مئی 2017 کو وائس چانسلر کے لیے منتخب کیا گیا تھا جن کی پانچ سال کی مدت 15 مئی 2022 میں مکمل ہو رہی تھی لیکن مرکزی حکومت کی جانب سے مدت مکمل ہونے سے قبل ہی ایک سال کی توسیع کر دی گئی جس کے بعد یونیورسٹی میں ناراضگی کا ماحول پیدا ہوگیا۔
طلبہ کا کہنا ہے کہ یونیورسٹی کا تدریسی و غیر تدریسی عملہ اور طلبہ وائس چانسلر کی توسیع سے ناخوش ہیں یہی وجہ ہے کہ سوشل میڈیا پر وائس چانسلر کی مخالفت کے بعد اب وائس چانسلر کی رہائشگاہ کی دیوار پر ان کے خلاف نعرے لکھے گئے۔
یونیورسٹی پراکٹر دفتر کی جانب سے وجہ بتاو نوٹس ملنے کے بعد تینوں طلبہ کا کہنا ہے یہ یونیورسٹی انتظامیہ کی ناکامی ہے کہ وہ ابھی تک یہ نہیں پتہ لگا پائے کہ وائس چانسلر کی رہائشگاہ کی دیواروں پر وائس چانسلر اور وائس چانسلر کی توسیع کے خلاف نعرے کس نے لکھے، اپنی ناکامی کو چھپانے کے لئے اور یونیورسٹی میں داخلہ لینے والے نئے طلبہ پر خوف طاری کرنے کے لئے ہمیں نوٹس جاری کیا ہے، جبکہ حقیقت یہ ہے کہ ہم لوگوں نے وہ نعرے نہیں لکھے اور اگر یونیورسٹی انتظامیہ کے پاس کسی بھی طرح کا کوئی ثبوت موجود ہے تو وہ ہمارے خلاف فورا ایکشن لے اور اگر نہیں تو یہ یونیورسٹی انتظامیہ کی ناکامی ہے۔
انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی انتظامیہ نہیں چاہتی کہ کیمپس میں ہم جیسے طلبہ لیڈر جو ہمیشہ طلبہ اور یونیورسٹی کے حق میں بات کرتے ہیں وہ کیمپس میں رہیں، ہمیں خاموش کرنے کے لئے وجہ بتاو نوٹس جاری کی گئی ہے، طلبہ کا کہنا ہے یونیورسٹی انتظامیہ میں بھی خاصی تعداد اور طلبہ برادری وائس چانسلر کی توسیع سے ناخوش ہے۔
مزید پڑھیں:۔ AMU Vice Chancellor's Term Extended: اے ایم یو وائس چانسلر کی میعاد میں توسیع پر ردعمل
یونیورسٹی پراکٹر پروفیسر محمد وسیم علی نے بتایا کہ کچھ سماج دشمن عناصر نے وائس چانسلر کی رہائشگاہ کی دیوار پر نازیبا نعرے لکھے تھے جس کے بعد ہم نے پانچ سکیورٹی گارڈ کو معطل کر دیا ہے اور تین طلبہ کو بھی شوکاز نوٹس جاری کی ہے۔