کسان تحریک پر چھڑے گھمسان کے درمیان وزیر داخلہ امت شاہ نے بھی ٹویٹ کیا ہے۔ امت شاہ نے اپنے ٹویٹ میں لکھا کہ 'کوئی بھی پروپیگنڈا ملک کو نہیں توڑ سکتا۔ ہم متحد ہو کر ترقی کی طرف چلیں گے۔ کوئی بھی پروپیگنڈا بھارت کو بلندی حاصل کرنے سے نہیں روک سکتا۔ پروپیگنڈا بھارت کی قسمت کا فیصلہ نہیں کر سکتا۔ بھارت ترقی کے لئے متحدہ ہے۔'
وزیر داخلہ نے اپنے ٹویٹ میں IndiaAgainstPropaganda اور IndiaTogether کا ہیش ٹیگ کا استعمال کیا۔ ہم آپ کو بتا دیں کہ پاپ سنگر ریحانہ نے FarmersProtest کے ساتھ کسان تحریک سے متعلق ایک خبر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ہم اس پر توجہ کیوں نہیں دیتے۔ ان کے ٹویٹ کے بعد کسان تحریک پر عالمی سطح کی متعدد بڑی ہستیوں کے درمیان ٹویٹ وار چھڑ گئی ہے۔
اسی درمیان کسان تحریک کے معاملے پر لوگ دو حصوں میں تقسیم نظر آئے جہاں کئی عالمی شخصیات کے علاوہ بڑی تعداد میں لوگ کسانوں کی حمایت میں اترے۔ وہیں کسان تحریک کے حامیوں کے جواب میں IndiaTogether ہیش ٹیگ کے ساتھ ٹویٹ کا سلسلہ شروع کیا گیا اور اب تک اس ٹویٹ کے ساتھ متعدد وزراء اور فلمی ہستیاں ٹویٹ کر چکی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: کسانوں کے خلاف 'قلعہ بندی' ٹھیک نہیں: راہل
وزیر داخلہ امت شاہ سے قبل کانگریس کے سینئر رہنما راہل گاندھی نے بھی اس معاملے پر ٹویٹ کیا۔ راہل گاندھی نے ریحانہ کو جواب دیتے ہوئے لکھا کہ یہ بھارت کا داخلی معاملہ ہے۔ سرکار کو تینوں زرعی قانون واپس لینا چاہیے۔ کسان پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ سرکار کو پیچھے ہٹنا ہوگا۔ فائدہ اسی میں ہے کہ قانون کو واپس لے لیا جائے۔