ہائی کورٹ نے ریاستی الیکشن کمیشن کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے نوٹس جاری کیا ہے اور پوچھا ہے کہ پنچایت انتخابات کے دوران کورونا گائیڈ لائنس پر عمل کیوں نہیں کیا گیا؟
الیکشن ڈیوٹی کر رہے 135 ٹیچرس کی موت ہوئی ہے۔ عدالت نے الیکشن کمیشن سے جواب مانگا ہے کہ کیوں نہ اس کے خلاف کارروائی کی جائے اور مقدمہ چلایا جائے۔ اس کے ساتھ ہی عدالت نے کمیشن سے کہا ہے کہ وہ فوراً کورونا گائیڈ لائنس پر عمل کرنے کو یقینی بنائے اور لوگوں کو بچانے کے لیے ہر وہ ممکن کوشش کرے جو اس سے بن پڑے۔
عدالت نے کورونا گائیڈ لائنس کی خلاف ورزی کی صورت میں کمیشن کے افسران کے خلاف کارراوئی کرنے کا بھی انتباہ دیا ہے۔
عدالت نے کورونا وبا پر قابو پانے کے لئے حکومت کے رویے پر بھی سخت تنقید کی ہے۔
کورٹ نے کہا ہے کہ حکومت کا رویہ ’مائی وے یا نو وے یعنی میرا راستہ یا کوئی راستہ نہیں‘ کا طریقہ کار اپنا رکھا ہے جو سراسر غلط ہے۔ انہیں چاہیے کہ وہ ایسا کرنا چھوڑ دیں اور لوگوں کو علاج بہم پہنچانے اور گائیڈ لائن پر عمل کرانے کی کوششیں کرے۔