قومی دارالحکومت دہلی میں کورونا وبا کی وجہ سے 19 ماہ سے اسکول بند رہے ہیں، بیشتر اسکولوں کی تمام کلاسیز آج یعنی یکم نومبر بروز پیر سے دوبارہ کھل رہی ہیں۔ چند اسکولوں نے تہوار کے بعد کلاسیز شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اس سلسلے میں ڈی ڈی ایم اے کی طرف سے ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ ان کے مطابق اسکولوں میں طلبہ کی تعداد 50 فیصد سے زیادہ نہیں ہونی چاہیے، ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن نے کہا کہ بچوں کو اسکول بھیجنے سے پہلے والدین کو رضامندی کا خط دینا ہوگا۔
دہلی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی(ڈ ی ڈی ایم اے) نے گزشتہ ہفتے اعلان کیا تھا کہ یکم نومبر سے اسکولوں میں تمام کلاسیز کھلیں گی حالانکہ پڑھائی آف لائن اور آن لائن دونوں طرح سے ہوں گی۔
ڈی ڈی ایم اے نے یہ بھی کہا تھا کہ اسکول اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ ایک وقت میں ایک کلاس میں 50 فیصد سے زیادہ حاضری نہ ہو اور کسی بھی طالب علم کو کلاس میں آنے کے لیے مجبور نہ کیا جائے۔ ستمبر میں 9 ویں سے 12 ویں جماعت کے طلبا کے لیے اسکول کھولے گئے تھے اور اس کے بعد سے سرکاری اسکول 80 فیصد سے زائد حاضری درج کررہے ہیں۔
مزید پڑھیں:۔ دہلی میں اسکول کھولنے کو لیکر ایس او پیز جاری، 50 فیصدی طلبہ کے ساتھ چلیں گی کلاسز
دہلی ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن کی ہدایات کے مطابق بلاشبہ تمام کلاسز کے طلبہ کے لیے اسکول کھل رہے ہیں تاہم اس دوران طلبہ آن لائن اور آف لائن دونوں طرح سے تعلیم حاصل کرتے رہیں گے۔ اسکول انتظامیہ کسی طالب علم کو سکول آنے پر مجبور نہیں کر سکتی۔
اسکولوں کو بھی ہدایت دی گئی ہے کہ وہ کووڈ-19 قوانین پر سختی سے عمل کریں۔ یہ بھی کہا گیا ہے کہ اگر قواعد کی خلاف ورزی کی گئی تو اسکول کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔