راجستھان میں گہلوت کی کابینہ کے تمام اراکین نے ہفتہ کو وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت کو اپنے استعفے سونپ دیے۔ اس کے ساتھ ہی کابینہ کی تشکیل نو کا عمل شروع ہو گیا ہے۔ نئے وزراء کو گورنر کلراج مشرا آج حلف دلائیں گے۔
وزراء کی کونسل کی میٹنگ ختم ہونے کے بعد وزیر ٹرانسپورٹ پرتاپ سنگھ کھچاریا واس نے بتایا کہ کانگریس کے ریاستی صدر گووند سنگھ ڈوٹاسرا نے وزراء کی کونسل کی میٹنگ میں تجویز پیش کی کہ وزراء کی کونسل کے تمام اراکین اپنے استعفے سونیا گاندھی کو سونپ رہیں ہیں۔ ہائی کمان کا جو بھی حکم ہوگا اسی کے مطابق اب نئے وزراء کے ناموں کا فیصلہ کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ میٹنگ میں ریاستی انچارج اجے ماکن بھی موجود تھے۔ تمام اراکین اسمبلی اور استعفیٰ دینے والے وزراء کو اتوار کو دوپہر 2 بجے ریاستی کانگریس کے دفتر میں بلایا گیا ہے۔ مسٹر کھچاریا واس نے کہا کہ اب وزیر اعلی اشوک گہلوت کو یہ حق حاصل ہوگا کہ وہ کس کو وزیر بنائیں اور کس کو نہیں، لیکن اس کی رضامندی اعلیٰ کمان سے ملے گی۔
(یو این آئی)