اعظم گڑھ: سماج وادی پارٹی (ایس پی) صدر اکھلیش یادو نے پیر کو مرکز و اترپردیش کی حکومت کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن پارٹیوں کے رہنماؤں کی زبان کو بند کرنے کے لئے حکومت انہیں جھوٹے مقدمات میں پھنسا رہی ہے۔ اعظم گڑھ جیل میں قید رکن اسمبلی رما کانت یادو سے ملنے پہنچے اکھلیش نے کہا کہ اترپردیش کے سبھی اپوزیشن جماعتوں میں سب سے زیادہ ایس پی کے رہنماوں کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواہ اعظم گڑھ میں رکن اسمبلی رما کانت یادو کا معاملہ ہو، یا پھر رام پور میں اعظم خان کا، حکومت ان سب کو جھوٹے مقدمات میں پھنسا کر جیل میں رکھنا چاہتی ہے۔Akhilesh yadav meets ramakant yadav in azamgarh jail
انہوں نے میڈیا نمائندوں سے کہا کہ حکومت کو بے روزگاری اور مہنگائی کی فکر نہیں ہے۔ حکومت 2024 کے چیلنجر کی بساط ابھی سے بچھانے میں مصروف عمل ہے۔ قابل ذکر ہے کہ شہ زور ایس پی ایم ایل اے رماکانت یادو نے ان دنوں زہریلی شراب معاملہ سمیت کئی معاملوں میں ملزم ہونے کی وجہ سے جیل میں قید ہیں۔
میڈیا نمائندوں کے سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ رما کانت یادو 20سال پرانے جس مقدمے کے ملزم ہیں، اس مقدمے میں انہیں ضمانت مل چکی ہے لیکن حکومت انہیں فرضی مقدمے میں ملزم بنا کر جیل میں رکھے ہوئے ہے۔ بی جے پی حکومت کی سازش مرکز سے لے کر ریاست تک چل رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی بی آئی، ای ڈی اور پولیس کا غلط استعمال کیا جارہا ہے۔
مزید پڑھیں:۔ Akhilesh Yadav On Inflation: بی جے پی کی سب سے بڑی حصولیابی مہنگائی، اکھلیش
انہوں نے بہار میں جے ڈی یو اور آر جے ڈی اتحاد کی حکومت کو مبارک باد پیش کی اور کہا کہ آنے والے 2024 کے لوک سبھا انتخابات میں پورے ملک میں تبدیلی آئے گی اور بی جے پی کا برا حشر ہونے والا ہے۔ اتحاد کے سوال پر انہوں نے کہا کہ پرانے اتحاد کے ساتھیوں کے ساتھ ہی الیکشن لڑا جائے گا۔ ایس پی سپریمو نے جیل کے اندر ایس پی کے قلعہ کی دیواروں میں آرہی دراڑوں پر تبادلہ خیال کیا۔
یو این آئی