نئی دہلی: کانگریس نے دیگر پسماندہ طبقات (او بی سی) کے فائدے کے لیے ذات پر مبنی مردم شماری کا مطالبہ کرتے ہوئے منگل کو کہا کہ اس کے بغیر اس طبقے کو فائدہ نہیں مل سکتا اور اگر کانگریس اقتدار میں آتی ہے تو او بی سی کی ذات پات کی گنتی کرانے کے علاوہ انہیں ریزرویشن کا بھی پورا فائدہ دیا جائے گا کانگریس کے پسماندہ طبقات کے شعبہ کے سربراہ کیپٹن اجے سنگھ یادو اور سبھاشنی شرد یادو نے منگل کو یہاں پارٹی ہیڈکوارٹر میں ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی او بی سی کا مکھوٹا پہنے ہوئے ہیں اور 2014 میں اقتدار میں آنے کے بعد سے ان کی حکومت نے اس طبقے کے مفادات کے لیے کوئی کام نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ مودی او بی سی نہیں ہیں لیکن کانگریس لیڈر راہل گاندھی کو او بی سی کا بہانہ بنا کر نشانہ بنایا جا رہا ہے اور مسائل سے عوام کی توجہ ہٹانے کا کام کیا جا رہا ہے۔
کیپٹن یادو نے کہا کہ بھارت جوڑو یاترا کی وجہ سے راہل گاندھی کی مقبولیت کا گراف بہت تیزی سے بلند ہوا ہے اور وہ ایک عوامی لیڈر کے طور پر ابھرے ہیں۔ بی جے پی ان کی بڑھتی ہوئی مقبولیت سے پریشان ہے اور پسماندہ طبقے کا کارڈ کھیلا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی نے دیگر پسماندہ طبقات کے لیے کوئی کام نہیں کیا ہے۔ 2014 سے 2022 تک او بی سی کے لیے جو کام بی جے پی کو کرنا چاہیے تھا وہ نہیں ہوا۔ انہوں نے ذات پر مبنی مردم شماری کو او بی سی کے لیے ضروری قرار دیا اور کہا کہ جب اس طبقے کے لیے ریزرویشن ہے تو اس کا کوئی مطلب نہیں ہے جب تک کہ ذات پات کی مردم شماری نہیں کرائی جاتی۔ ذات پات کی مردم شماری کے بغیر او بی سی لوگوں کو ریزرویشن کا فائدہ نہیں ملے گا، چاہے وہ اعلیٰ تعلیم ہو یا پنچایتی راج۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اعلیٰ تعلیم میں اس طبقے کے لیے ریزرویشن ختم کر دیا گیا ہے، اس لیے اسے دوبارہ نافذ کرنے کے لیے آئینی ترمیمی بل لایا جائے۔
یو این آئی