ریاست راجستھان کے ضلع بہروڑ میں ایک دلت نوجوان کو 'دی کشمیر فائلز' فلم پر تبصرہ کرنا مہنگا پڑگیا۔ گوکل پور گاؤں کے غنڈوں کے مطابق دلت نوجوان نے 'دی کشمیر فائلز' پر منفی تبصرہ کیا تھا جس پر انہیں سخت اعتراض تھا۔ جس کے بعد گاؤں کے غنڈوں نے دلت نوجوان کو مندر میں بلایا اور اس کو مندر میں ناک رگڑنے پر مجبور کیا۔ اس پورے واقعہ کی ویڈیو بنائی گئی اور ویڈیو سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کر دی گئی۔ ویڈیو وائرل ہوتے ہی انتظامیہ میں کھلبلی مچ گئی۔ پولیس نے معاملے کی منصفانہ جانچ کی یقین دہانی کرائی ہے۔ Dalit Man Rubbing Nose
ایک نجی بینک میں سینئر سیلز مینیجر کے طور پر کام کرنے والے نوجوان راجیش نے بتایا کہ اس نے فلم پر اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے کچھ تبصرہ کیا تھا۔ سوشل پلیٹ فارم پر ہونے والی بحث کے بعد انہوں نے کچھ قابل اعتراض الفاظ استعمال کیے۔ اپنی غلطی تسلیم کرتے ہوئے متاثرہ نوجوان نے دو بار معافی بھی مانگی لیکن غنڈوں نے اسے معاف نہیں کیا اور اسے مندر میں بلایا اور دروازے کے چوکھٹ پر اس کی ناک رگڑ دی۔ کسی نے اس پورے واقعے کی ویڈیو بنا کر سوشل پلیٹ فارم پر اپ لوڈ کر دی، جو وائرل ہو گئی۔ معاملہ انتظامیہ کے کانوں تک پہنچا تو کہرام مچ گیا۔ جس کے بعد متاثرہ شخص نے کیس درج کرایا ہے۔ جس کے بعد پولیس ویڈیو میں موجود لوگوں کی شناخت کرکے تحقیقات کر رہی ہے اور کارروائی کی تیاری کر رہی ہے۔