ریاست مہاراشٹر کے شہر مالیگاؤں سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹر الیاس صدیقی کی زیر نظر کتاب "مالیگاؤں کی سیاسی اور سماجی تاریخ" ایک ایسا آئینہ ہے جو اس شہر کی خوبیوں اور خامیوں کو خوبصورتی سے اجاگر کرتی ہے۔
ڈاکٹر الیاس صدیقی ایک بہترین قلم کار اور پختہ نثرنگار ہیں۔ وہ درس و تدریس سے منسلک رہے ہیں۔ ان کے دل میں تحقیق کا جذبہ اس وقت بیدار ہوا جب انہوں نے ڈاکٹر آف فلاسفی کی سند کے حصول کو اپنا مقصد بنایا۔ مالیگاؤں میں اردو نثرنگاری کا عنوان منتخب کیا۔ اس جستجو میں کئی شہروں کی سیاحت کی۔
ڈاکٹر الیاس صدیقی نے ای ٹی وی بھارت کو "مالیگاؤں کی سیاسی اور سماجی تاریخ" کتاب کو لکھنے کے مقصد کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا کہ جب وہ اردو نثر نگاری پر کام کررہے تھے، اس وقت انہیں پہلے باب کیلئے مالیگاؤں کی تاریخ بیان کرنے کی ضرورت محسوس ہوئی لیکن اس وقت بھی تاریخ کا کوئی مواد موجود نہیں تھا۔ یہ دیکھنے کے بعد ڈاکٹر الیاس صدیقی نے یہ ارادہ کیا کہ اب وہ مالیگاؤں کی سیاسی اور سماجی تاریخ پر ایک مکمل کتاب لکھیں گے تاکہ آنے والی نسلوں کو مالیگاؤں کی تاریخ سے واقف کرایا جاسکے اور اسی جستجو میں انہوں نے کئی شہروں کی سیاحت بھی کی۔
ڈاکٹر الیاس صدیقی نے بتایا کہ اس کتاب میں انہوں نے راجہ ناروشنکر کی حالت زندگی اور مکمل موت تک کی تاریخ، مالیگاؤں کے زمینی قلعہ کی تاریخ، قلعہ میں انگریزوں کے خلاف ہونے والی جنگ کی تاریخ کو بڑے جامع انداز میں بیان کیا ہے۔
ڈاکٹر الیاس صدیقی نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ اس کتاب کا انہوں نے مراٹھی زبان میں ترجمہ کیا "ناورشنکر راجے بہادر آنی مالیگاؤں چا اتہاس"۔ اس کتاب کا اجراء کاکانی نگر واچنالے مالیگاؤں کے زیر اہتمام 18 نومبر 2018 بروز سنیچر شام 7 بجے کاکانی واچنالے ہال، کارپوریشن کے سامنے قلعہ کے اندر منعقد کیا گیا۔
مزید پڑھیں:۔ مالیگاؤں: وائرولوجی ریسرچ کے لیے امریکی یونیورسٹی میں داخلہ
انہوں نے بتایا کہ مہاراشٹر کی کتابیں انتخاب کمیٹی نے ان کی کتاب کو معتبر و مستند کتاب کے طور پر منتخب کیا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ انسان کو اپنی تاریخ سے واقفیت یہ ایک بنیادی فریضہ ہے اسلئے انسان کو اپنی تاریخ سے وابستہ رہنا چاہیے۔