مرکزی حکومت کی جانب سے کووڈ۔19 سے بچاؤ کیلئے ملک بھر میں اب تک 80 لاکھ 52 ہزار سے زیادہ مستفیدین کو ٹیکے لگائے جاچکے ہیں۔ نئی دلی میں میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے وزارت صحت میں جوائنٹ سکریٹری ڈاکٹر مندیپ بھنڈاری نے کہا کہ کووڈ۔19 سے بچاؤ کا دوسرا ٹیکہ آج سے اُن مستفیدین کو لگائے جانے کی شروعات کی گئی ہے جن کا پہلا ٹیکہ لگانے کے بعد 28 دن مکمل ہوگئے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ دوسرے مرحلے میں ابھی تک حفظان صحت کے سات ہزار 668 کارکنوں کو ٹیکے لگائے جاچکے ہیں۔ ڈاکٹر بھنڈاری نے کہا کہ آج تک 59 لاکھ سے زیادہ صحت کارکنوں اور پیش پیش رہنے والے 21 لاکھ سے زیادہ کارکنوں کو ٹیکے لگائے جاچکے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ مرکزی صحت سکریٹری نے آج تمام ریاستوں اور مرکز کے زیرانتظام علاقوں کے ساتھ ٹیکہ کاری مہم کا جائزہ لیا۔ اس دوران ملک میں کووڈ۔19 سے شفایابی کی شرح بہتر ہوکر 97 اعشاریہ تین دو فیصد ہوگئی ہے جبکہ گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران کل 11 ہزار 359 مریض صحتیاب ہوئے ہیں۔
گذشتہ 16 جنوری سے شروع ہونے والی مہم کے پہلے مرحلے میں حکومت نے تین کروڑ میڈیکل اہلکاروں اور عبوری محاذ پر تعینات اہلکاروں کی ٹیکہ کاری کا ہدف متعین کیا ہے۔ ویکسین کی پہلی خوراک دیے جانے کے بعد دوسری خوراک 28 دنوں کے بعد دی جائے گی۔ ملک میں کووِڈشیلڈ اور ویکسین کے ایمرجنسی استعمال کی منظوری دی گئی ہے۔
مرکزی وزارت صحت کے اعداد و شمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا وائرس کے 12143 نئے کیسز سامنے آئے جس سے متاثرین کی تعداد ایک کروڑ آٹھ لاکھ 92 ہزار سے زیادہ ہو گئی ہے وہیں مزید 103 مریضوں کی موت سے ہلاکتوں کی تعداد 155550 ہو گئی ہے۔ دریں اثناء سات ریاستوں/مرکز کے زیر انتظام ریاستوں میں اس بیماری سے کسی کے مرنے کی رپورٹ نہیں ہے۔ ملک میں اب تک 1.06 کروڑ افراد کورونا سے نجات پا چکے ہیں اور ریکوری شرح بڑھ کر 97.32 ہو گئی ہے۔ فعال کیسز کی تعداد 1.36 لاکھ ہو گئی ہے۔