ریاست اترپردیش کے ضلع رامپور میں آج وزیر اعلیٰ اجتماعی شادی اسکیم کے تحت Chief Minister's Collective Marriage Scheme ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ اس موقع پر جہاں 469 ہندو، 230 مسلم اور ایک عیسائی جوڑے سمیت 700 جوڑوں کی اجتماعی شادی ان کے مذہبی رسومات کے مطابق ایک ہی پنڈال میں منعقد ہوئی۔
رامپور کے نمائش گراؤنڈ Exhibition Ground of Rampur میں وزیر اعلیٰ نے شادی اسکیم کے تحت اجتماعی شادیوں کی پروقار تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ ایک ہی منڈپ میں جہاں ایک طرف ہون کرکے ہندو جوڑے ہندو رسم و رواج کے مطابق پھیرے لیکر شادی کے بندھن سے جڑ رہے تھے، تو وہیں دوسری جانب قاضی حضرات اسلام کے مطابق نکاح پڑھا کر مسلم جوڑوں کو رشتہ ازدواج سے منسلک کرنے میں مصروف نظر آ رہے تھے۔
اس موقع پر قاضی مولانا سعید احمد نے بتایا کہ آج یہاں تقریباً 230 مسلم جوڑے رشتہ ازدواج سے منسلک ہوئے۔ ساتھ ہی انہوں نے آج کی اجتماعی شادی کی تقریب کی خوبیاں بیان کرتے ہوئے کہا کہ اسلام اسی طرح کی سادگی سے شادی کرنے کی تعلیم دیتا ہے۔
رشتہ ازدواج سے منسلک ہونے والے دولہا فہیم نے اپنی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی اجتماعی شادیوں سے انسان بے جا رسومات سے بچتا ہے۔اس کو سماج میں عام کرنے کی ضرورت ہے۔
واضح رہے کہ ریاستی حکومت کی 'وزیر اعلیٰ شادی اسکیم' کے تحت ریاست کے مختلف اضلاع میں ضرورت مند افراد کے لیے اجتماعی شادیوں کی تقریب منعقد کرکے جہاں ان کی مذہبی رسم و رواج کے مطابق شادیاں کی جاتی ہیں، وہیں ان کو ضرورت کا کچھ سامان بھی بطور ہدیہ دیا جاتا ہے۔