سمبل پور: اوڈیشہ کے سمبل پور میں کل رات ایک دردناک سڑک حادثے میں 7 افراد کی موت ہو گئی جبکہ 4 دیگر افراد زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو علاج کے لیے ہسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ حادثے کی وجوہات کا پتہ نہیں چل سکا۔ فی الحال پولیس نے مقدمہ درج کرکے واقعہ کی تحقیقات شروع کردی ہے۔ اطلاعات کے مطابق سمبل پور ضلع کے ساسن نہر میں جمعرات کو دیر رات بارات لے جارہی گاڑی نہر میں گر گئی جس میں سات افراد کی موت واقع ہوگئی اور چار دیگر زخمی ہوگئے۔
بتایا جارہا ہے کہ گاڑی میں کل 11 افراد سوار تھے۔ گاڑی سے باہر نہ نکلنے کے باعث دم گھٹنے سے 7 افراد جاں بحق جب کہ 4 زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو سمبل پور ضلع ہسپتال میں داخل کرایا گیا جہاں ان کا علاج جاری ہے۔ تمام مہلوکین جھارسوگوڈا ضلع کے لکھن پور بلاک کے گاؤں بدھارا کے رہنے والے تھے۔ جن کی شناخت اجیت کھماری، دیویا لوہا، سبل بھوئی، سمنت بھوئی، سروج سیٹھ، رماکانت بھوئی اور بولیرو ڈرائیور شتروگھن بھوئی کے طور پر کی گئی ہے۔
اطلاعات کے مطابق سمبل پور کے پرمان پور میں گیارہ افراد ایک بارات میں شامل ہونے کے لیے گئے تھے، دوپہر قریب ایک بجے بارات میں شامل ہونے کے بعد وہ گھر واپس آرہے تھے اسی دوران راستے میں کار اچانک بے قابو ہوکر نہر میں گر گئی اس وقت تین افراد نہر سے باہر آگئے جب کہ دیگر باہر نہیں آسکے۔ کافی دیر بعد مقامی لوگوں نے پہنچ کر انہیں بچایا، شدید زخمیوں کو سمبل پور ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ گھر والوں کا الزام ہے کہ ریسکیو آپریشن میں تاخیر کی وجہ سے 7 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ فوری طور پر کوئی ایمبولینس یا آکسیجن نہیں پہنچ سکی۔ اس سلسلے میں ایک کیس درج کرکے تحقیقات شروع کردی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : Godda Murder Case اوڈیشہ کی لڑکی کا جھارکھنڈ میں قتل، معاملہ چار ریاستوں سے جڑا