جگدل پور: چھتیس گڑھ کے بستر ضلع کے مالگاؤں میں آج دوپہر ایک کان میں گرنے سے سات افراد ہلاک اور ایک شدید زخمی ہوگئے ہیں۔ سٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس وکاس کمار نے بتایا کہ یہ بڑا حادثہ مالگاؤں پنچایت میں کوٹری نماکان کے گرنے کی وجہ سے پیش آیا، جو ڈویژنل ہیڈکوارٹر جگدل پور سے تقریباً 11 کلومیٹر دور واقع ہے۔ دراصل، مالگاؤں پنچایت میں،بستی کے باہر سڑک کی تعمیر کے لیے مروم کے لیے کھدائی کی گئی تھی۔ جیسے ہی اس گڑھے میں چھوئی (ملتانی مٹی جیسی ہموار مٹی) نکلنے کی اطلاع ملی، گاؤں والے کھدائی کے لیے پہنچنا شروع ہوگئے۔ گزشتہ 3 دنوں سے دیہاتی کوٹری نما کان سے مٹی نکال رہے تھے، اسی دوران آج تقریباً 10 فٹ اندر کھدائی کرتے ہوئے کان میں دھنس گئی۔Limestone mine collapses in Chhattisgarh
واقعے کے بعد باہر کھڑے لوگوں نے گاؤں والوں کو مدد کے لیے بلایا۔ کان مکمل طور پر دھنس جانے کی وجہ سے گاؤں والے کچھ نہیں کر سکے اور فوری طور پر پولیس اور ضلع انتظامیہ کو اطلاع دی گئی۔ پولیس اور ایس ڈی آر ایف کی ٹیم موقع پر پہنچی اور جے سی بی کے ذریعے کھدائی شروع کی، تب تک کافی دیر ہوچکی تھی۔ کان کے اندر چھ دیہاتی کی موت ہو گئی تھی، جب کہ دو گاؤں والوں کو زخمی حالت میں ضلع اسپتال لایا گیا تھا۔ زخمیوں میں سے ایک زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا جبکہ 12 سالہ لڑکی پورنیما کا علاج جاری ہے۔
حادثے میں چھ خواتین اور ایک مرد کی موت کی تصدیق ہو گئی ہے۔ جائے حادثہ پر ریسکیو کا کام مکمل کر لیا گیا ہے۔ واقعہ کے بعد سے پورے گاؤں میں سوگ کا ماحول ہے۔ مرنے والوں کی شناخت دشمتی، کملی، رامیشر، شانتی، کماری، من متی اور شیتو کے طور پر ہوئی ہے۔
وزیر اعلی بھوپیش بگھیل نے بستر ضلع کے بکاونڈ ترقیاتی بلاک کے مالگاؤں گاؤں میں کان کے گرنے سے دیہاتیوں کی موت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے مرنے والوں کے لواحقین کو فی کس 4 لاکھ روپے ایکس گریشیا دینے کا اعلان کیا۔ اس کے ساتھ ہی تمام زخمیوں کے بہتر علاج کی ہدایت کی ہے۔
یو این آئی