ریاست بہار میں روٹری پٹنہ سٹی سمراٹ اپنے سماجی فلاحی کاموں کی وجہ سے عوام میں مقبول ہے، ہر آفات و انسانی ضرورت کے وقت یہ تنظیم نہ صرف فلاحی کاموں میں حصہ لیتی ہے بلکہ ہر میدان میں بیش بہا خدمات انجام دینے والی شخصیات کو اعزاز و اکرام سے بھی نوازتی ہے۔
اسی ضمن میں یوم اساتذہ کے موقع پر بھی تنظیم نے دارالحکومت پٹنہ کے معزز اساتذہ کو اعزاز سے نوازنے کے لئے شہر کے گائے گھاٹ کے ایک ہوٹل پٹنہ سٹی میں تقریب کا اہتمام کیا جس میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے ریاست کے نائب وزیر اعلیٰ تارکیشور پرساد شریک ہوئے۔
تقریب کا آغاز شمع روشن کرکے کیا گیا، بعد ازاں قومی ترانہ پیش کیا گیا۔ مہمانوں کا استقبال روٹری کے صدر سدھیر پربھات نے کیا جبکہ سکریٹری رپورٹ سنجے کمار نے پیش کیا، اس کے بعد مختلف زبانوں میں درس و تدریسی میدان میں نمایاں خدمات انجام دینے والے کالج آف کامرس کے صدر شعبہ اردو پروفیسر صفدر امام قادری سمیت شہر کے 60 اساتذہ کرام کو " نیشن بلڈر ایوارڈ" سے نوازا گیا۔ سبھی اساتذہ کو نائب وزیر اعلیٰ تارکیشور پرساد نے سند اور شال پیش کیا۔
مزید پڑھیں:۔ پٹنہ: آر جے ڈی کے اراکین اسمبلی کی نائب وزیراعلی سے ملاقات
اس موقع پر نائب وزیر اعلیٰ نے اپنے خطاب میں کہا کہ یہ تمام اساتذہ ہمارے ملک کی روشن تعمیر میں اہم کردار ادا کرتے ہیں، استاد بادشاہ نہیں ہوتا مگر اپنے شاگردوں کو بادشاہ ضرور بنادیتا ہے اور شاگرد کی کامیابی پر سب سے زیادہ خوشی استاد کو ہی ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ریاست ویسے بھی اہل علم کی آماجگاہ رہی ہے، یہاں بڑے سے بڑے اساتذہ گزرے ہیں جنہوں نے مختلف علوم و فنون میں ملکی ہی نہیں بلکہ عالمی سطح پر اپنی شناخت قائم کی۔ اس لئے آج کے دن ہم اساتذہ کو ان کی خدمات کے پیش نظر ایوارڈ پیش کرکے خود پر فخر محسوس کررہے ہیں۔