اترپردیش کی انچارج اور کانگریس جنرل سیکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے ریاستی حکومت پر دھان اگانے والے کسانوں کے ساتھ ناانصافی کا الزام لگاتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی فصلیں نہیں خریدی جارہی ہیں اور انہیں بھاری نقصان کے ساتھ دھان بیچنے پر مجبور کیا جارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کسانوں کے ساتھ انصاف کرنے کے بجائے انہیں ڈرا رہی ہے اور قومی سلامتی ایکٹ کے تحت کارروائی کی دھمکی دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کم از کم امدادی قیمت کسانوں کا حق ہے اور انہیں ملنا چاہیے۔
پرینکا گاندھی واڈرا نے کہا ’’بی جے پی حکومت کسانوں پر این ایس اے نافذ کرے گی، کسانوں کو دھمکائے گی لیکن کسانوں کو ایم ایس پی نہیں دے گی۔"
انہوں نے کہا، "اتر پردیش کے کئی اضلاع کے کسان 900-1000 روپے کوئنٹل کے نقصان پر دھان فروخت کرنے پر مجبور ہیں، جو سراسر ناانصافی ہے۔ ایم ایس پی کسانوں کا حق ہے۔ کانگریس اس حق کے لیے پوری قوت سے لڑے گی‘‘۔
یو این آئی