لکھنؤ: اتر پردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے جمعرات کے روز سنبھل کے چندوسی میں کولڈ اسٹوریج منہدم ہونے کے حادثے کی تحقیقات کا حکم دیا ہے۔ سرکاری ذرائع نے جمعہ کے روز بتایا کہ مرادآباد کمشنر اور ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس کی سربراہی میں تشکیل دی گئی کمیٹی حادثے کی وجوہات کی جانچ کرے گی اور جلد ہی رپورٹ پیش کرے گی۔ کولڈ اسٹوریج حادثے میں جانوں کے ضیاع پر گہرے رنج کا اظہار کرتے ہوئے سی ایم یوگی آدتیہ ناتھ نے ہلاک ہونے والوں کے خاندانوں سے تعزیت کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ نے ضلع انتظامیہ کے حکام کو ہدایت دی ہے کہ زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال لے جائیں اور انہیں مناسب علاج فراہم کیا جائے۔
انہوں نے مرنے والوں کے لواحقین کو 2 لاکھ روپے، شدید زخمیوں کو 50 ہزار روپے کی فوری امداد دینے کا اعلان کیا اور تمام زخمیوں کے مفت علاج کی ہدایات بھی دیں۔ واضح رہے کہ ضلع سنبھل میں جمعرات کے روز کولڈ اسٹوریج کے چیمبر کی چھت گرنے سے متعدد لوگ ملبے کے نیچے دب گئے تھے۔ اب تک 8 لاشیں ملبے سے نکالی جا چکی ہیں جبکہ 11 کو علاج کے لیے اسپتال بھیجا گیا ہے۔ راحت اور بچاؤ کا کام ابھی جاری ہے۔ این ڈی آر ایف اور ایس ڈی آر ایف کی ٹیمیں ریسکیو آپریشن کر رہی ہیں۔ ڈی آئی جی نے کہا کہ اب تک 11 لوگوں کو بچایا گیا ہے۔ آٹھ افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ کچھ لوگ اب بھی لاپتہ ہیں جن کی تلاش جاری ہے۔
یہ بھی پڑھیں: Sambhal Cold Storage Collapse سنبھل کولڈ اسٹوریج حادثہ میں آٹھ لوگ ہلاک
یو این آئی