ادھمپور: جموں و کشمیر کے ضلع ادھمپور میں منگل کے روز ایک منی بس حادثہ کا شکار ہوئی ۔ بس میں سوار 27 مسافر زخمی ہوئے ہے۔ زخمی مسافروں کو علاج و معالجہ کے لیے نزدیکی ہسپتال منتقل کیا گیا۔
ایک پولیس اہلکار نے اس حوالے سے بتایا کہ ادھمپور ضلع کے رام نگر کے ڈاک بنگلہ کے قریب ایک منی بس الٹنے سے کم از کم 27 مسافر زخمی ہو گئے۔انہوں نے کہا کہ بس رام نگر سے سورنی جا رہی تھی جب یہ واقعہ پیش آیا۔ تمام زخمیوں کو سب ڈسٹرکٹ ہسپتال رامنگر میں داخل کرایا گیا ہے۔ زخمیوں میں سے تین کو مزید علاج کے لیے ضلع ہسپتال ادھمپور ریفر کر دیا گیا ہے۔وہیں پولیس نے اس حوالے سے کیس درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔
بتادیں کہ ایک ماہ قبل بھی اسی سڑک پر ایک حادثہ ہوا تھا جس میں 2 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔ مقامی لوگوں کے مطابق علاقہ میں سڑک کی خستہ حالی کی وجہ سے سڑک حادثات رونما ہوتے ہے۔ لوگوں نے ضلعی انتظامیہ سے سڑکوں کی مرمت کا مطالبہ کیا ہے ،تاکہ سڑک حادثات سے نجات ملے۔
ٹریفک پولیس جموں و کشمیر کے مطابق جموں و کشمیر میں 2010 سے 2022 کے درمیان 76 ہزار 942 سڑک حادثات رونما ہوئے ہیں جن میں 12, ہزار 429 افراد ہلاک ہوئے ہیں، جب کہ 1 لاکھ 4 ہزار 983 افراد زخمی ہوئے ہیں.
مزید پڑھیں: Sheep killed In Road Accident سدھرا جموں میں تیز رفتار گاڑی کی زد میں آکر متعدد بھیڑ بکریاں ہلاک
واضح رہے کہ ملک بھر میں سڑک حادثات کی وجہ سے ہزاروں افراد اپنی قیمتی جانیں گنوارہے ہیں اور ہزاروں افراد سڑک حادثات میں شدید زخمی ہونے کی وجہ سے معذوری کی زندگی گذارنے پر مجبور ہیں۔ سڑک حادثات کی اہم وجوہات میں لاپرواہی سے گاڑی چلانا، نشہ کی حالت میں گاڑی چلانا، انتہائی تیز رفتاری سے گاڑی چلانا وغیرہ شامل ہیں۔ متعلقہ محکمہ کی جانب سے آئے دن اس ضمن میں شعور بیداری مہم بھی چلائی جاتی ہے۔ ہائی ویز پر جگہ جگہ ڈرائیورنگ کے دوران احتیاط برتنے کی ہدایات پر مبنی بورڈ لگائے گئے ہیں لیکن اس کے باوجود سڑک حادثات میں کمی کے بجائے دن بہ دن اضافہ ہی ہوتا جارہا ہے۔