سری نگر: محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے عین مطابق وادی کشمیر میں خشک موسم کے بیچ شبانہ درجہ حرارت میں مزید گرواٹ درج ہوئی ہے اور سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی12.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوتے ہوئے رواں سیزن کی ایک اور سرد ترین رات ریکارڈ ہوئی ہے۔ متعلقہ محکمے کے ایک ترجمان کے مطابق گرمائی دارلحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت منفی1.9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا کم سے کم درجہ حرارت منفی0.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔ سری نگر میں 5 جنوری کو رواں سیزن کی سرد ترین رات ریکارڈ ہوئی تھی جب کم سے کم درجہ حرارت منفی6.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
وادی کے شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی12.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی10.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔ قبل ازیں گلمرگ میں14 جنوری کو رواں موسم کی سرد ترین رات ریکارڈ ہوئی تھی جب کم سے کم درجہ حرارت منفی11.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔ وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت منفی10.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی10.9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔ سرحدی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی2.9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی1.3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
گیٹ وے آف کشمیر کے نام سے مشہور قصبہ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی5.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی0.7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔ لداخ یونین ٹریٹری ے ضلع کرگل میں کم سے کم درجہ حرارت منفی21.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ ضلع لیہہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی14.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔ محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان کے مطابق وادی میں 18 جنوری تک موسم مجموعی طور پر خشک رہنے کا امکان ہے۔ انہوں نے کہا کہ بعد ازاں 19 اور21 جنوری کے دوران موسم ابر آلود رہ سکتا ہے اور اس دوران وادی کے بالائی علاقوں میں کہیں کہیں ہلکی برف باری کا بھی امکان ہے۔
یہ بھی پڑھیں: Kashmir Weather Update: کشمیر میں برفباری سے معمولات زندگی متاثر، آج سے موسم خشک رہنے کا امکان
ان کا کہنا تھا کہ وادی میں 18 جنوری تک شبانہ درجہ حرارت میں گرواٹ ریکارڈ ہوسکتی ہے اور اس کے بعد بتدریج بہتری درج ہونے کی توقع ہے اور اس علاوہ اس وقت کے دوران میدانی علاقوں میں دھند رہنے کا بھی امکان ہے۔ قابل ذکر ہے کہ وادی میں شہنشاہ زمستان چالیس روزہ چلہ کلان بر سر اقتدار ہے اور اس دور حکومت21 دسمبر سے شروع ہو کر 31 جنوری کو اختتام پذیر ہوجاتا ہے۔ اس کے بعد بیس روزہ چلہ خورد تخت نشین ہوجاتا ہے گرچہ اس چلہ کے دوران سردیوں کی شدت کمی واقع ہوجاتی ہے تاہم بھاری برف باری کو خارج از امکان قرار نہیں دیا جا سکتا ہے۔
یو این آئی