سرینگر: انجمن اوقاف جامع مسجد سرینگر کے سربراہ میر واعظ ڈاکٹر مولوی محمد عمر فاروق نے ولادت با سعادت، پیغمبر آخر الزماں حضرت محمد مصطفی ﷺ کی مناسبت سے اہالیان اسلام کو دلی مبارکباد اور تہنیت پیش کی ہے۔Mirwaz Mohammed umar Farooq greets people on Eid-e-Milad-un-Nabi
انجمن نے اپنے بیان میں حضرت رسول رحمت ﷺ کی عظیم شخصیت اور آپ ﷺ کی شخصیت کو زبردست خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے آپ ﷺ کو انسانیت کا نجات دہندہ اور حقیقی محسن اعظم قرار دیا۔
بیان میں کہا گیا کہ حضور اکرم ﷺ کی ولادت باسعادت سے دراصل انسانیت کو نئی زندگی اور توانائی ملی اور آپﷺکی حیات بخش اور فکر انگیز تعلیمات نے کائنات انسانیت کی کایا پلٹ دی۔انجمن نے کہا کہ آنحضور ﷺ کی ولادت وبعثت سے لیکر دور حاضر تک آپ ﷺ کی نفع بخش تعلیمات نے بلا امتیاز نوع انسانی کی رہنمائی کی ہے اور تاقیام قیامت آپﷺ کا فیضان دنیائے انسانیت کو پہنچتا رہے گا۔
بیان میں مسلمانوں پر زور دیا کہ وہ اسوۂ نبویﷺ کوصدق دلی سے اپنانے کا عزم کریں تاکہ موجودہ بحران اور سنگین حالات سے نجات مل سکے۔اس دوران انجمن نے اس امر پر شدید دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے کہ ربیع الاول کے متبرک اور عظیم مہینے میں بھی سربراہ انجمن جناب میرواعظ کشمیر جو جموں وکشمیر کے سب سے بڑے دینی رہنما بھی ہیں ،کو مسلسل غیر قانونی اور غیر اخلاقی طور پر نظر بند رکھ کر موصوف کی پُر امن سرگرمیوں پر قدغنیں جاری ہیں جو ہر لحاظ سے نہ صرف مداخلت فی الدین بلکہ بشری حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے۔
مزید پڑھیں:Night Long Prayers at dargah Hazratbal: درگاہ حضرتبل میں شب خوانی، ہزاروں عقیدت مندوں کی آمد متوقع
بیان میں کہا گیا کہ میرواعظ کی 38 مہینوں سے لگاتار نظر بندی کے سبب مسلمانان کشمیر بالخصوص مرکزی جامع مسجد سرینگر میں قال اللہ وقال الرسول ﷺسے فیضیاب ہونے والے لوگوں کے جذبات بری طرح مجروح ہو رہے ہیں۔
بتادیں کہ عید میلادالنبی ﷺ کی آمد کے ساتھ ہی شہر سرینگر کے بازاروں میں چند دن قبل ہی سبز جھنڈے اور بینر آوایزاں رکھے گئے ہیں جبکہ درگاہ حضرت بل کے ساتھ ساتھ خانقاہوں، زیارت گاہوں، چھوٹی بڑی مساجد، شاہراہوں، سڑکوں اور گلی کوچوں کو برقی قمقموں سے سجایا گیا ہے۔ قابل ذکر ہے کہ جموں و کشمیر انتظامیہ نے حکمنامہ جاری کرتے ہوئے عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وسلم کی تعطیل ہفتہ کے بجائے اتوار کو منائے جانے کا آرڈر جاری کیا ہے۔