سرینگر:لیکس کنزرویشن اینڈ منیجمنٹ اتھارٹی (ایل سی ایم اے) نے اپنی انہدامی کارروائی کو جاری رکھتے ہوئے ڈل جھیل اور نگیل جھیل کے گرد و نواح سمیت گرین بیلٹ میں غیر قانونی تعمیراتی ڈھانچے منہدم کیے۔لیکس کنزرویشن اینڈ منیجمنٹ اتھارٹی کی انفورسمنٹ ونگ نے ہفتے کو ڈل جھیل کے متصل ڈبلیو آف آر جہاں پر کئی کنکریٹ اور عارضی ڈھانچے منہدم کیے،اس کے علاوہ بابہ ڈیم علاقے میں زمین پر ناجائز قبضہ بھی ہٹایا۔
ایل سی ایم نے کہن کھن ڈلگیٹ اور ڈبلیو آف آر میں انہدامی کارروائی عمل میں لاکر ان تعمیرات کو منہدم کیا جو کہ غیر مجاز تھے۔ ان علاقوں میں کنکریٹ بلاک، ایک منزلہ، دو منزلہ عمارتیں، ٹین کے شیڈ اور کئی دیگر تعمیراتی ڈھانچوں کو بھی منہدم کیا گیا۔ اس کے علاوہ نگین علاقے میں غیر قانونی طریقے سے بنایا گیا ایک دکان بھی منہدم کیا گیا۔
انفورسمنٹ ونگ کے اہلکاروں کو انہدامی کارروائی انجام دینے کے دوران کئی علاقوں میں لوگوں کی جانب سے مزاحمت کا بھی سامنا کرنا پڑا۔ لیکس کنزرویشن اینڈ منیجمنٹ اتھارٹی کے عہدیداران نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ ایل سی ایم اے کے دائرہ اختیار گرین بیلٹ کے حدود میں آنے والے علاقوں میں کسی بھی طرح کی تعمیراتی سرگرمی انجام دینے سے باز آئیں۔ وہیں انہوں نے کہا کہ بغیر اجازت کے کسی بھی قسم کا تعمیراتی ڈھانچہ کھڑا کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی ہے۔
مزید پڑھیں: LCMA Demolition Drive: نگین، ڈل جھیل کے آس پاس کئی ڈھانچے منہدم
قابل ذکر ہے کہ کئی عناصر قانون کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بنا کسی اجازت یا قانون کے ایسی جگہوں پر تعمیرات کھڑا کرنے کی طاق میں رہتے ہیں جہاں پہلے سے ہی متعلقہ محکمے نے تعمیرات پر پابندی عائد کر رکھی ہے۔ یاد رہے کہ گزشتہ دنوں بھی ایل سی ایم اے کی جانب سے ڈل جھیل اور نگین کے گرد و نواحی علاقوں بشمول چند پورہ ہارون، ڈلگیٹ، نشاط اور ڈبلیو ایف آر وغیرہ میں انہدامی کارروائی عمل میں لاکر کئی ڈھانچوں کو منہدم کیا گیا تھا۔