سرینگر: وادی کشمیر میں گزشتہ روز ہوئی برفباری سے معمولات زندگی متاثر ہوکر رہ گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کی پیشگوئی عین مطابق میدانی علاقوں میں ہلکی سے درمیانہ درجے کی برفباری ہوئی تاہم بالائی علاقوں میں بھاری برفباری ریکارڈ کی گئی ہے۔ ادھر، برفباری کے بعد پھسلن کی وجہ سے کئی سڑکوں پر ٹریفک کی آمد و رفت بند کر دی گئی ہے۔ سرینگر جموں شاہراہ پر پھسلن اور تودے گر آنے کے وجہ سے گزشتہ کل سے آج صبح تک ٹریفک کی آمد و رفت بند کر دی گئی تھی تاہم شاہراہ پر اس وقت چھوٹی گاڑیوں کی آوا جاہی کو بحال کیا گیا ہے اور توقع کی جا رہی ہے کہ دوپہر کے بعد شاہراہ پر تمام طرح کی درماندہ مال بردار گاڑیوں کو بھی اپنی اپنی منزلوں کی جانب روانہ ہونے کی اجازت دی جائے گی۔
مزید پڑھیں: Ganderbal Snow Avalanche Area بھاری برفباری کے بعد بالتل سے مزدوروں کو محفوظ مقام منتقل کیا گیا
دوسری جانب ہوائی سفر بھی جمعہ سے منسوخ ہے۔ ای ٹی وی بھارت کے نمائندے کے ساتھ سرینگر ائرپورٹ کے ڈائریکٹر نے کہا کہ ’’رن وے کو صاف کیا جا رہا ہے اور فلائٹ آپریشن کی بحالی کے لیے چند گھنٹے مزید لگ سکتے ہیں۔‘‘ سرینگر میں اس وقت آسمان صاف ہے اور ہلکی دھوپ کھلی ہے۔ بارش، برفباری کے سبب شبانہ درجہ حرارت میں بہتری آئی ہے۔ سرینگر میں رات کا کم سے کم درجہ حرارت منفی 0.1 ڈگری سیلشیس ریکارڈ کیا گیا جبکہ سیاحتی مقام پہلگام میں منفی 5.9 اور گلمرگ میں منفی 11ڈگری سیلشیس درج کیا گیا۔ ادھر، یونین ٹیریٹری لداخ کے کرگل علاقے میں گزشتہ رات کا کم سے کم درجہ حرارت منفی 8.4 اور لیہہ میں منفی 12 ڈگری سیلشیس ریکارڈ کیا گیا ہے۔