سرینگر: محکمہ صحت نے وادی کشمیر کے سبھی ضلع اور سب ضلع ہسپتالوں میں جانچ کمیٹیوں کی تشکیل کا حکم جاری کیا ہے۔ مختلف ضلع اور سب ضلع ہسپتالوں سے مریضوں کو نجی کلنکوں اور نجی اسپتالوں میں ریفر کرنے، غیر قانونی، غیر ضروری ادویات اور سرجریز کی سفارشات کرنے والے ڈاکٹروں پر نکیل کسنے کے لیے تمام اضلاع کے سرکاری ہسپتالوں میں ڈاکٹروں کے لکھے نسخوں کی جانچ پڑتال کی خاطر کمیٹیاں تشکیل دینے کا حکم دیا گیا ہے۔
محکمہ صحت کی جانب سے جاری کردہ حکم نامے کے مطابق ہر ضلع اور سب ضلع اسپتال میں روزانہ کی ’’او پی ڈی‘‘ (OPD) میں علاج و معالجہ کے لیے آنے والے مریضوں میں سے ایک فیصد بیماروں کے نسخے جانچ پڑتال کے لیے جمع کئے جائیں گے اور نسخے جمع کرنے کے لئے ہر ضلع اور سب ضلع اسپتال میں نوڈل افسران کی تعیناتی عمل میں لائی جائے گی۔
محکمہ صحت نے نسخوں کی جانچ کرنے والی کمیٹیوں میں انتظامی عہدوں پر کام کرنے والے ڈاکٹروں کو شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ضلع اور سب ضلع اسپتالوں میں نامزد نوڈل افسران کی جانب سے جمع کئے گئے نسخوں کی جانچ پڑتال ضلع کمیٹی کرے گی۔ نسخوں کی جانچ پڑتال کے لیے نامزد ہونے والی کمیٹیوں میں شامل افراد اس بات کی جانچ پڑتال کریں گے کہ نسخے کو کپیٹل الفاظ، ڈاکٹر کے نام، دستخط اور رجسٹریشن نمبر کے ساتھ لکھا گیا ہے یا نہیں۔
مزید پڑھیں :Psychiatrist of The Year Award کشمیر کی عفیفہ قاضی نے برطانیہ میں سائیکاٹرسٹ آف دی ایئر ایوارڈ جیتا
تشکیل دی گئی کمیٹی یہ بھی جانچ کرے گی کہ سرکاری اسپتالوں میں مریضوں کو جنریک ادویات لکھے جاتے ہیں یا نہیں اور ہسپتال میں موجود ادویات کو ترجیح دی جاتی ہے یا نہیں۔ سرکیولر میں مزید کہا گیا ہے کہ ’’حکم عدولی یا لاپرواہی کرنے والے میڈیکل سپرانٹنڈنٹس کے خلاف کارروائی بھی عمل میں لائی جائے گی۔‘‘