سرینگر (نیوز ڈیسک): چیف الیکشن کمشنر (سی ای سی) راجیو کمار کی سربراہی میں الیکشن کمیشن (کی ٹیم) ممکنہ طور پر اگلے ہفتے جموں و کشمیر کا دورہ کر کے یہاں کی زمینی صورتحال کا جائزہ لے گا۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ یہاں دو سے تین دن کے قیام کے دوران الیکشن کمشنر یو ٹی کے دونوں صوبوں - جموں اور کشمیر - کا دورہ کریں گے۔
الیکشن کمیشن یہاں اپنے دورے کے دوران سبھی 20 ڈپٹی کمشنرز، تسلیم شدہ قومی اور علاقائی سیاسی جماعتوں کے نمائندوں اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ بات چیت کرے گا۔ کمیشن یہاں دورے کے دوران ڈپٹی کمشنرز، الیکشن کمیشن آفیشلز، سیاسی جماعتوں سمیت دیگر تنظیموں سے الیکشن منعقد کرانے کے حوالہ سے رائے لے گا۔
قابل ذکر ہے کہ جموں و کشمیر میں آخری مرتبہ اسمبلی انتخابات نومبر 2014 میں منعقد ہوئے تھے اور پی ڈی پی - بی جے پی مخلوط حکومت نے مارچ 2015 میں اقتدار سنبھالا اور جولائی 2018 میں بی جے پی نے مخلوط حکومت سے اپنی حمایت واپس لی جس سے حکومت قائم نہ رہی اور یہاں صدر راج نافذ کر دیا گیا۔ بعد ازاں جموں و کشمیر میں لوک سبھا انتخابات سمیت میونسپل اور بلدیاتی انتخابات منعقد کیے گئے تاہم اسمبلی انتخابات منعقد نہیں کیے گئے۔ اسمبلی انتخابات کے حوالہ سے مرکزی سرکار کا کہنا ہے ’’مناسب وقت پر اسمبلی انتخابات منعقد کیے جائیں گے۔‘‘
یہ بھی پڑھیں: Nitin Gadkari to visit Kashmir مرکزی وزیر نتن گڈکری اگلے ہفتے کشمیر کا دورہ کریں گے
گذشتہ ماہ سابق وزیر اعلیٰ ڈاکٹر فاروق عبداللہ کی سربراہی میں جموں میں آل پارٹی میٹنگ منعقد ہوئی جس میں بی جے پی کے علاوہ سبھی سیاسی جماعتوں نے شرکت کی اور مرکزی حکومت سمیت الیکشن کمیشن آف انڈیا سے ملاقات پر اتفاق کیا۔ بعد ازاں ڈاکٹر فاروق عبداللہ کی سربراہی میں وفد دہلی روانہ ہوا اور الیکشن کمیشن آف انڈیا سے ملاقات کی اور جموں و کشمیر میں الیکشن منعقد کرانے پر زور دیا۔ ای سی آئی سے ملاقات کے بعد فاروق عبداللہ نے کہا تھا کہ ’’ہمیں امید ہے کہ وفد جلد ہی کشمیر کا دورہ کرکے انتخابات کا اعلان کرے گا۔ اگر لوک سبھا انتخابات منعقد ہو سکتے ہیں، میونسپل الیکشن منعقد ہو سکتے ہیں تو اسمبلی انتخابات منعقد کیوں نہیں ہو سکتے۔‘‘
مزید پڑھیں: JK Delegation Meets ECI ’ہم جموں و کشمیر میں عوامی حکومت چاہتے ہیں‘: فاروق عبداللہ