سری نگر: سی آر پی ایف کے ڈائریکٹر جنرل 'سوجوئے لال تھاوسن' نے سری نگر جموں شاہراہ پر سیکورٹی تیاریوں کا بچشم جائزہ لیا۔ ڈی جی سی آر پی ایف کو پیرا ملٹری فورسز کی تعیناتی کے بارے میں جانکاری فراہم کی گئی۔ اطلاعات کے مطابق سی آر پی ایف کے ڈائریکٹر جنرل 'سوجوئے لال تھاوسن' نے سری نگر جموں قومی شاہراہ پر پیرا ملٹری فورسز کی تعیناتی کا جائزہ لیا جس کے دوران انہیں یاترا کے حوالے سے بھی مکمل جانکاری فراہم کی گئی۔
ذرائع نے بتایا کہ قومی شاہراہ پر مختلف مقامات پر تعینات پیرا ملٹری فورسز آفیسران کے ساتھ ڈائریکٹر جنرل سی آر پی ایف نے ملاقات کی اور ان سے سیکورٹی منظر نامے کے بارے میں جانکاری حاصل کی۔ اس موقع پر سی آر پی ایف کے ڈائریکٹر جنرل کو بتایا گیا کہ سری نگر جموں قومی شاہراہ پر جگہ جگہ سیکورٹی فورسز کی تعیناتی عمل میں لائی گئی ہے اور کسی کو بھی پر امن یاترا میں خلل ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
مزید پڑھیں: چھ ہزار سے زائد یاتریوں پر مشتمل پانچواں قافلہ جموں سے روانہ
سی آر پی ایف سربراہ نے کہاکہ سالانہ امر ناتھ یاترا کو خوش اسلوبی کے ساتھ پایہ تکمیل تک پہنچانے کی خاطر زمینی سطح پر اقدامات کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ یاتریوں کو سبھی سہولیات میسر رکھنے کی خاطر بھی تمام تر انتظامات کئے گئے ہیں اس موقع پر سی آر پی ایف چیف کو کویک ایکشن ٹیم کی آپریشنل تیاریوں کے بارے میں بھی جانکاری فراہم کی گئی۔ سی آر پی ایف چیف نے یاترا کیمپوں کا بھی جائزہ لیا اور وہاں پر سیکورٹی فورسز کی تعیناتی کے بارے میں جانکاری حاصل کی۔
یو این آئی