سرینگر: علیحدگی پسند تنظیم حریت کانفرنس نے مرکزی حکومت پر الزام عائد کیا کہ اس کی نگرانی میں حد بندی کمیشن کی حالیہ سفارشات "متنازع مسئلہ" کی ہیئت کو بگاڑنے، مسلم نمائندگی کو کم کرنے اور جموں وکشمیر کے اکثریتی کردار کو بتدریج اقلیت میں تبدیل کرنے کی جانب ایک اور قدم ہے۔Hurriyat Conference On Delimitation Commission Report
میڈیا کو جاری بیان میں میر واعظ عمر فاروق کی قیادت والی حریت کانفرنس نے حکومت پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی انتقام گیری کے نتیجے میں مسلمانوں کو سرکاری ملازمت سے جبراً سبکدوش کیا جارہا ہے جس سے مقامی لوگوں کا روزگار متاثر ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے دباؤ اور طاقت کے بل پر حریت قیادت اور لوگوں کی انفرادی اور اجتماعی طور پر اظہار خیال کی آزادی پر پابندی عائد کردی ہے۔ وہیں حریت کانفرنس کے چیرمین میراعظ ڈاکٹر مولوی محمد عمر فاروق اگست 2019 سے غیر قانونی طور پر گھر میں نظر بند رکھے گئے ہیں۔
بیان میں یہ دعوی کیا گیا کہ نام نہاد ملک دشمنی کی آڑ میں کشمیری نوجوانوں یہاں تک کہ خواتین کو بھی آئے روز گرفتار کیا جارہا ہے جو حد درجہ تشویشناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس آپریشن کے دوران 22 سالہ شعیب احمد کو ہلاک کیا گیا ہے جب کہ مقامی میڈیا پر مبینہ سنسر شپ، صحافیوں اور قلمکاروں کو ہراساں کرنے اور ڈرانے اور دھمکانے کا سلسلہ بھی برابر جاری ہے۔
حریت کانفرنس کی جانب سے بیان میں کہا گیا کہ کشمیر تنازع کی وجہ سے ہی پُرتشدد کارروائیوں کے نتیجے میں نوجوان راہل بھٹ اور پولیس اہلکار ریاض احمد ٹھوکر کی جانوں کا زیاں حد درجہ افسوسناک اور انتہائی تکلیف دہ ہے۔
بیان میں کہا گی کہ مسئلہ کشمیر کے پُرامن حل کے لیے جموں وکشمیر کے عوام کی خواہشات اور اقوام متحدہ کی پاس شدہ قراردادوں کی روشنی میں حل کیا جانا چاہیے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ مرحوم میر واعظ مولوی فاروق اور "شہدائے حول" کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی یاد میں 21 مئی بروز سنیچر مکمل کشمیر بند کا اہتمام کیا جائے۔
مزید پڑھیں:
یاد رہے کہ 21 مئی سنہ 1990 میں سی آر پی ایف اہلکاروں نے عوامی ایکشن کمیٹی کے سربراہ میر واعظ مولوی فاروق کے جنازے پر مبینہ طور شہر خاص کے حول میں گولیاں چلائی تھیں جس کے نتیجے میں درجنوں عام شہری ہلاک ہوئے تھے۔ مولوی فاروق کو نامعلوم مسلحہ افراد نے 21 مئ کو گولیاں چلا کر ہلاک کیا تھا۔ ان کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے عوامی ایکشن کمیٹی اور حریت کانفرنس ہر برس21 مئی کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے۔