سرینگر: بھارتیہ جنتا پارٹی کی جموں و کشمیر یونٹ نے پیر کے روز پارٹی کے سینئر لیڈر و نائب صدر صوفی یوسف کو مبینہ طور پر پارٹی مخالف سرگرمیوں میں ملوث ہونے پر وجہ بتاؤ نوٹس جاری کیا ہے۔
بی جے پی جموں و کشمیر ڈسپلنری کمیٹی چیئرمین سنیل سیٹھی کی جانب جاری کیے گئے نوٹس میں کہا گیا ہے کہ "پارٹی کے سینیئر لیڈر ہونے کے باوجود اور ایک اعلیٰ عہدے پر فائز ہونے کے باوجود آپ جموں کشمیر بھارتیہ جنتا پارٹی کی ڈسپلنری کمیٹی کے نوٹس میں آیا ہے،بدقسمتی سے آپ پارٹی مخالف سرگرمیوں میں ملوث ہیں اور آپ اپنے سیاسی معاملات میں واضح طور پر بے ضابطگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔"
جاری نوٹس میں کہا گیا کہ"آپ نے چند افراد کے ساتھ پارٹی کیڈر میں اختلاف پیدا کرنے کی کوشش کی ہے اور آپ کا ایک آڈیو کلپ منظر عام پر آئی ہے جس میں دکھایا گیا ہے کہ آپ نے پارٹی ڈسپلن اور اعلیٰ اصولوں کی کوئی پرواہ نہیں کیا۔"
مزید پڑھیں: مسلم سماج پر دیے گئے بیان پر اقلیتی کمیشن کا نوٹس
صوفی یوسف سے جواب طلب کرتے ہوئے نوٹس میں پارٹی کی ڈسپلنری کمیٹی کے چیئرمین سنیل سیٹھی نے کہا کہ "آپ کو ہدایت کی جاتی ہے کہ آج سے سات دنوں کے اندر اندر اپنی بدتمیزی اور بے ضابطگی پر اپنا جواب زیر دستخطی کو جمع کروائیں کہ آپ کو کسی بھی جائز کارروائی کے علاوہ پارٹی کے تمام عہدوں سے ہٹانے کی کارروائی کیوں نہیں کی جا سکتی ہے۔اس کے علاوہ کارروائی زیر التواء تک آپ اس معاملے پر براہ راست یا بالواسطہ طور پر میڈیا کے ساتھ بات چیت نہیں کریں گے۔"