سرینگر: جموں کشمیر جنتا دل یونٹ کے صدر غلام نبی شاہین نے کہا کہ جموں کشمیر میں افسر شاہی نظام کی وجہ سے عام لوگوں کے مشکلات میں اضافہ ہوتا جارہا ہے اور ایل جی انتظامیہ سے یونین ٹریٹری کی مجموعی صورتحال ابتر ہوتی جارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک میں ہر ماہ کسی نہ کسی ریاست میں اسمبلی انتخابات منعقد ہوتے ہیں لیکن جموں کشمیر ہی واحد جگہ ہے جہاں جمہوری کا قتل کیا جارہا ہے اور لوگوں کو عوامی حکومت سے محروم رکھا جارہا ہے۔
انہوں نے الیکشن کمیشن آف انڈیا اور مرکزی سرکار سے مطالبہ کیا کہ جموں وکشمیر میں جلد سے جلد اسمبلی انتخابات کرائے جائے تاکہ لوگوں کو افسر شاہی نظام سے آزادی ملے۔انہوں نے کہا کہ ایل جی منوج سنہا، چیف سکریٹری، صوبائی کمشنر اور ضلع مجسٹریٹز کو عوام سے ملاقات کرنے کے لئے وقت ہی نہیں ہے،جس سے لوگوں کی شکایات کو کوئی سننے والا ہی نہیں ہے۔
غلام نبی شاہین نے کہا کہ انتظامیہ شہر کے لالچوک اور پولو ویو کو اسماٹ سٹی بنا رہی ہے،لیکن شہر میں آباد لوگوں دیگر بستیوں کو فراموش کر رہی ہے جہاں شہری بنیادی سہولیات سے بھی محروم ہے۔ قابل غور ہے کہ جموں کشمیر انتظامیہ نے سرینگر میں لالچوک اور پولو ویو میں اسماٹ سٹی پروجکٹ کے تحت بڑی تعمیری تبدیلیاں کی ہیں، جس میں فٹ پاتھ، سڑکوں، ڈرینیج اور بجلی کے ترسیلی نظام کو تبدیل کیا گیا ہے۔گزشتہ ایک سال سے جاری اس پروجیکٹ کی وجہ سے شہریوں کو چلنے میں کئی مشکلات کا سامنا رہا ہے۔
مزید پڑھیں: Altaf Bukhari on JK Elections جموں وکشمیر اسمبلی انتخابات جلد کرائے جائے، الطاف بخاری
جی این شاہین نے بتایا کہ جموں کشمیر میں منتخب سرکار کی ضرورت ہے اور یہاں کی تمام بی جی پی مخلاف سیاسی جماعتوں کو یکجہ ہونا چاہیے اور بی جے پی کے خلاف اسمبلی اور پارلیمانی انتخابات لڑنے چاہیے۔اُنہوں نے کہا کہ جس طرح کرناٹک کے لوگوں نے بی جے پی کو اقتدار سے باہر کردیا اسی طرح دیگر ریاستوں میں جہاں بی جے پی کی سرکار ہے کو انتخابات کے ذریعے لوگوں کو اقتدار سے باہر کرنا چاہئے تاکہ نفرت کی سیاست کو روکھ تھام لگے۔
واضح رہے کہ چیف الیکٹورل افسر کی جانب سے حال ہی میں ایک بیان سامنے آیا جس میں انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر میں امسال کے آخر تک بلدیاتی اور پنچایتی انتخابات کے ساتھ ساتھ پارلیمانی انتخابات کرائے جارہے ہیں، لیکن اس دوران اسمبلی انتخابات کے تعلق سے انہوں نے کچھ بھی کہنے سے انکار کیا۔ اس سے پہلے چیف الیکشن کمشنر آف انڈیا نے اسمبلی انتخابات کے حوالے سے اس بات کا اعتراف کیا تھا کہ جموں وکشمیر میں اسمبلی انتخابات نہ ہونے کی وجہ سے ایک خلا پیدا ہوا ہے اور اسے پُر کرنے کی ضرورت ہے۔جموں وکشمیر میں 5 برس سے صدر راج نافذ ہے۔ جموں و کشمیر میں اسمبلی انتخابات 2014 میں منعقد ہوئے تھے۔