سرینگر: کشمیر یونیورسٹی کے طلبہ اور اساتذہ نئے وائس چانسلر کے انتظار میں ہیں۔ ایسے میں بغیر مستقل وی سی کے یونیورسٹی مبینہ طور پر تعلیمی اور انتظامی بے ضابطگیوں کا شکار ہورہی ہے۔ اس صورتحال کے پس منظر میں یونیورسٹی کے سینیئر اساتذہ نے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا سے اپیل کی ہے کہ بنا کسی تاخیر کے اب کمیٹی کی جانب سے بھیجے گئے تین ناموں میں سے وائس چانسلر کی تقرری کے لیے حتمی فیصلہ لیں۔ واضح رہے کہ ایل جی یونیورسٹی کے چانسلر بھی ہیں۔ Kashmir University New VC
قابل ذکر ہے کہ نئے وائس چانسلر کے تقرر کے لئے 2021 کے دسمبر مہینے میں تشکیل دی گئی کمیٹی نے گزشتہ ماہ اپریل کی23 تاریخ کو تین ناموں کی فہرست انتظامیہ کو بھیج دی ہے، جن میں ذرائع کے مطابق پروفیسر مجیب الرحمان خان، ڈاکٹر سیمی فرحت اور پروفیسر فاروق مسعود کے نام قابل ذکر ہیں۔
کشمیر یونیورسٹی کے اساتذہ کے مطابق ادارے میں جلد وی سی کی تعیناتی کو عمل میں لایا جانا چاہئے تاکہ ادارے میں تعلیمی اور انتظامی غیر یقینی صورتحال کو مزید خراب ہونے سے بچایا جاسکے۔ کشمیر یونیورسٹی کے نگران وائس چانسلر گزشتہ دو ماہ سے کیمپس سے باہر ہیں جبکہ دیگر انتظامی ذمہ داریوں سے بھی وہ کنارہ کشی اختیار کیے ہوئے ہیں۔ ایسے میں اب وی سی کے عہدے کو فوری طور پرُ کرنے کی بے حد ضرورت ہے تاکہ ادارے کے نظم ونسق کو بحال کیا جاسکے۔
مزید پڑھیں:
نگراں وائس چانسلر پروفیسر طلعت احمد کی تین سالہ مدت گزشتہ برس اگست میں ختم ہوئی جس کے بعد چانسلر نے نئے وی سی کی تقرری کے لیے سیکرٹری جنرل ایسوسی ایشن آف انڈین یونیورسٹیز ڈاکٹر پنکج میتل کی سربراہی میں ایک کمیٹی تشکیل دی تھی، جس نے شارٹ لسٹ کیے گیے 19 امیدواروں میں سے تین ناموں کی فہرست اپریل کے آخری ہفتے میں جموں وکشمیر انتظامیہ کو روانہ کی ہے۔ پروفیسر طلعت جیالوجی کے استاد ہیں اور ماضی میں بھی ایک بار کشمیر یونیورسٹی کے وائس چانسلر رہے ہیں۔ کشمیر یونیورسٹی کے بعد انہیں جامعہ ملیہ اسلامیہ کا وائس چانسلر بنایا گیا تھا لیکن بعد میں انہیں دوبارہ کشمیر یونیورسٹی میں دوسری مدت کیلئے شیخ الجامعہ کا عہدہ دیا گیا۔