محکمہ بجلی کے ملازمین کی کام چھوڑ ہڑتال کے سبب جموں و کشمیر کے کئی علاقوں میں Power Crisis in J&Kبجلی کی سپلائی متاثر ہونے کے سبب عوام کو سخت سردیوں کے دوران شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
وادی کشمیر میں شبانہ درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے رہنے کے سبب سردی کی شدت میں اضافہ درج کیا جا رہا ہے، سخت سردی کے دوران بجلی کی سپلائی متاثر رہنے کے سبب لوگوں کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوا ہے۔
لوگوں نے لیفٹیننٹ گورنر انتظامیہ سے محکمہ بجلی کے ملازمین کی جائز مانگوں کو فوری طور قبول کرنے کی اپیل کی ہے۔ وہیں لوگوں نے کشمیر صوبے کی انتظامیہ کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا: ’’جموں انتظامیہ نے پی ڈی ڈی ملازمین کی ہڑتال کے پیش نظر عوام کو فوری راحت پہنچانے کے لیے فوج سے مدد طلبہ کی ہے، تاہم وادی کشمیر میں انتظامیہ خواب غفلت میں ہے۔‘‘
نیشنل کانفرنس کے سینئر لیڈر اور سابق ایم ایل اے شوپیان شیخ محمد رفیع نے حکومت سے سخت سردی اور آنے والے دنوں میں برفباری کی پیشگوئی سے قبل ہی بجلی کی سپلائی کو یقینی بنائے جانے پر زور دیا۔
مزید پڑھیں؛ Army Helps to Restore Power Crisis: جموں میں فوج کی مدد سے 80 فیصد بجلی بحال
قابل ذکر ہے کہ محکمہ بجلی کی نجکاری اور ملازمین کے دیرینہ مطالبات کو نظر انداز کرنے کے خلاف گزشتہ تین روز سے محکمہ بجلی کے ملازمین ہڑتال پر ہیں۔
ملازمین کے مطالبات میں محکمہ بجلی میں برسوں سے یومیہ اجرت پر کام کر رہے عارضی ملازمین کی مستقلی اور محکمہ کی نجکاری نہ کئے جانے کے علاوہ دیگر کئی مطالبات شامل ہیں۔