شوپیاں (جموں کشمیر) : صوبہ جموں کے پونچھ اور راجوری اضلاع کو جنوبی کشمیر کے شوپیاں ضلع سے جوڑنے والے تاریخی مغل روڈ پر پتھر اور مٹی کے تودے گر آنے کے باعث روڈ کو ٹریفک کی نقل و حمل کے لئے بند کر دیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق مغل روڈ پر پوشانہ علاقے میں ہلکی برفباری شروع ہوئی جس کے باعث روڈ کو احتیاطی طور پر ٹریفک کی نقل و حمل کے لئے بند کردیا گیا ہے۔
محکمہ ٹریفک کے ایک اعلیٰ افسر نے بتایا کہ مغل روڑ پر صوبہ جموں کے پوشانہ علاقے میں بارشوں اور برفباری کے بعد سڑک پر مٹی کے تودے گر آنے کے بعد ضلع انتظامیہ، راجوری اور ضلع انتظامیہ شوپیاں نے عوامی جان و مال کے تحفظ کے لیے روڈ کو بند کرنے کے احکامات صادر کیے۔ محکمہ ٹریفک نے لوگوں، خاص کر مغل روڈ پر سفر کرنے والے افراد سے گزارش کی ہے کہ وہ فی الحال اس روڑ پر سفر کرنے کی کوشش نہ کریں، کیونکہ اس روڈ پر بارشوں اور ہلکی برفباری کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے اور متعدد مقامات پر سڑک کھسکنے یا تودے گرآنے کا خطرہ لاحق ہے۔
مزید پڑھیں: وادی کشمیر میں ہلکی بارش اور برفباری کا امکان
واضح رہے کہ جموں کشمیر محکمہ موسمیات نے وادی کشمیر میں چوبیس دسمبر تک موسم مجموعی طور خشک مگر سرد رہنے کی پیشگوئی ظاہر کی ہے۔ محکمہ موسمیات نے ہفتہ کے روز بعض بالائی علاقوں میں ہلکی بارشوں اور برفباری کی بھی پیش گوئی کی ہے۔