شوپیاں (جموں و کشمیر) : جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیاں کے کاپرن علاقے میں پولیس اور سیول انتظامیہ کی مشترکہ ٹیم نے پوست کی کاشت کے خلاف کی گئی کارروائی کے دوران 35 کنال سے زائد اراضی پر کاشت کی جا رہی پوست کی فصل کو تباہ کر دیا۔ پوست کی کاشت کے خلاف کی گئی کارروائی میں شوپیاں پولیس، محکمۂ مال اور ایکسائز ڈیپارٹمنٹ کے اہلکار شامل تھے۔ نائب تحصیلدار کاپرن سجاد احمد نے پوست کی کاشت کے خلاف کی گئی کارروائی کے حوالہ سے تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ ’’تشکیل دی گئی ٹیم - جس میں پولیس، ریونیو اور ایکسائز محکمہ کے اہلکار شامل ہیں - نے شوپیاں ضلع کے مختلف علاقوں میں خشخاش کی فصل کے خلاف مہم تیز کر دی ہے اور شوپیاں ضلع کے مختلف علاقوں میں کئی کنال اراضی پر کی جا رہی پوست کی کاشت کو تباہ کر دیا۔‘‘
انہوں نے مزید کہا کہ پوست کی فصل کو تباہ کرنے سے قبل ہی انہوں نے مقامی پی آر آئی ممبران، ذی عزت شہریوں اور مساجد کمیٹیز کے ذریعے از خود فصل کو تباہ کرنے کی درخوات کی تھی۔ انہوں نے مزید کہا کہ کئی بار گزارشات کے باوجود لوگوں نے پوست کی کاشت جاری رکھی اور اس حوالہ سے کارروائی انجام دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ پوست کی کاشت کو تباہ کرنے کے ساتھ ہی اس کی کاشت میں ملوث افراد کے خلاف قانونی کارروائی بھی انجام دی جائے گی۔
مزید پڑھیں: Cannabis Destroyed in Ganderbal گاندربل میں بھنگ کو تباہ کیا گیا
تحصیلدار نے مستقبل میں بھی اس طرح کی کارروائی جاری رکھنے کا عندیہ دیا۔ قابل ذکر ہے کہ منشیات کا قلع قمع کرنے کی غرض سے جموں و کشمیر انتظامیہ کے مختلف محکمۂ جات کی جانب سے منشیات کے مضر اثرات سے متعلق آگاہی، سیمنارز اور ریلیز کے ساتھ ساتھ منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن بھی انجام دیا جا رہا ہے۔ وہیں اس ضمن میں خود رو بھنگ اور پوست کی کاشت کو بھی تباہ کرنے کی مہم چلائی جا رہی ہے۔