جموں و کشمیر کے ضلع رامبن میں 'گورنمنٹ ڈگری کالج رامبن' کمپلیکس میں بنیادی سہولیات فراہم نہ کئے جانے کی وجہ سے کالج میں زیر تعلیم طلبا و طالبات کو کافی مشکلات کا سامنا کر نا پڑرہا ہے۔
واضح رہے کہ سنہ 2005 میں 'گورنمنٹ ڈگری کالج رامبن' کو کھولنے کی منظوری ملی تھی، جس کے چند برس بعد کالج کی عمارت کو قصبہ کرول میں تعمیر کرا کر تدریسی عمل شروع کردیا گیا تھا۔
کالج میں زیر تعلیم طلبا و طالبات کی تعلیمی سرگرمیوں میں خاص طور پر تجرباتی لیباریٹریز جن میں فزکس، زولوجی، باٹنی اور کمپیوٹر لیب شامل ہیں، ان سب کی بہتر سہولیات طلبا کو نہ ملنے کی وجہ سے ان کے عملی مشق پر اثر پڑ رہا ہے۔
طلبا و طالبات نے ای ٹی وی بھارت کو بتایا کہ ' کالج میں بنیادی سہولیات نہ ہونے سے ان کو زبردست مشکلات کا سامنا ہے'۔
مزید پڑھیں: 'کشمیری عوام کی آواز حکومت تک پہنچانا ہمارا فرض'
انہوں نے کہا کہ 'کالج میں بجلی کی سپلائی نہ ہونے کی وجہ سے انتہائی ضروری ڈھانچے متاثر ہورہے ہیں، کالج کو پینے کا صاف پانی بھی میسر نہیں ہے، جسکی وجہ سے طلباوطالبات کو موسم گرماں میں کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے'۔
واضح رہے کہ سنہ 2013 میں کالج کو نیے کمپلیکس میں منتقل کیا گیا تھا، اتنا عرصہ بیت جانے کے بعد بھی کالج بجلی پانی کے ساتھ ساتھ دیگر بنیادی سہولیات سے محروم ہے۔
طلبا و طالبات نےدیگر کالجوں کے طرز پربنیادی سہولیات بہم پہنچانےپر زور دیتے ہوئے ان تمام مشکلات کا ازالہ کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔