راجوری: مشتبہ افراد کی نقل و حرکت کے بعد سکیورٹی فورسز نے جموں وکشمیر کے راجوری ضلع کے سولکی گاؤں کو محاصرے میں لیکر بڑے پیمانے پر تلاشی آپریشن شروع کیا ہے۔ بتادیں کہ راجوری کے ہی درہال علاقے میں 17نومبر کو سکیورٹی فورسز کے ساتھ تصادم میں ایک غیر ملکی عسکریت پسند مارا گیا تھا۔
اطلاعات کے مطابق پیر کے روز مشتبہ عسکریت پسندوں کی نقل وحرکت کی اطلاع موصول ہونے کے بعد فوج نے راجوری کے سولکی علاقے کو محاصرے میں لیکر تلاشی آپریشن شروع کیا۔
ذرائع کے مطابق فوج نے ایک وسیع علاقے کو محاصرے میں لے کر فرار ہونے کے سبھی راستوں پر پہرے بٹھا دئے۔
معلوم ہوا ہے کہ فوج ،جموں وکشمیر پولیس اور سی آر پی ایف نے سولکی اور اس کے ملحقہ علاقوں کو بھی محاصرے میں لے لیا ہے۔
مقامی ذرائع کے مطابق سکیورٹی فورسز کی جانب سے رہائشی مکانوں کے ساتھ ساتھ باغات کی بھی تلاشی لی جارہی ہیں۔یہ رپورٹ فائل کرنے تک راجوری کے سولکی علاقے میں تلاشی آپریشن جاری تھا۔اس سلسلے میں مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔
مزید پڑھیں:
واضح رہے کہ 12 نومبر کے روز راجوری ضلع کے روز اپر ڈانگری علاقے میں مشتبہ افراد کی نقل و حرکت کے بعد ولیج ڈیفنس گارڈ نے فائرنگ کی، تاہم اس فائرنگ میں کسی کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ہے۔ وہیں سکیورٹی فورسز نے وسیع علاقے کو اپنے محاصرے میں لیکر تلاشی آپریشن شروع کیا تھا۔
(یو این آئی مشمولات کے ساتھ)