عالمی وبا کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے جنوبی کشمیر کے ترال اور اونتی پورہ علاقوں میں دفعہ 144نافذ العمل ہے، وہیں اس دوران ماسک نہ پہننے والے ڈرائیوروں اور راہگیروں سے انتظامیہ نے جرمانہ وصول کیا۔
انتظامیہ کی جانب سے کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے واقعات کے بعد بندشوں میں سختی لائی جا رہی ہے اور لاک ڈاؤن کی پاسداری یقینی بنانے کے لیے سیول انتظامیہ کے ساتھ ساتھ پولیس بھی متحرک ہو رہی ہے۔
جنوبی کشمیر کے اونتی پورہ میں پولیس نے گزشتہ کئی روز سے ماسک نہ پہننے والوں کے خلاف شکنجہ کسنا شروع کیا ہے جہاں گزشتہ کل ترال اور اونتی پورہ میں ماسک نہ پہننے والوں سے تیرہ ہزار روپے جرمانہ وصول کیا گیا تھا، وہیں منگل کو اونتی پورہ پولیس نے مہم کو جاری رکھتے ہوئے 52 ایسے افراد سے فی کس پانچ سو جرمانہ وصول کیا جو بغیر ماسک کے گھوم رہے تھے۔
ایس ایس پی اونتی پورہ طاہر سلیم نے بتایا کہ منگل کو پولیس نے ماسک نہ پہننے والے افراد سے 26ہزار روپے بطور جرمانہ وصول کیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ مہم مستقبل میں بھی جاری رہے گی۔