پلوامہ: آرٹیکل 370 کی منسوخی اور جموں و کشمیر ریاست کو مرکز کے زیر انتظام دو علاقوں میں تقسیم کرنے کی تیسری برسی سے ایک دن قبل، گڈورہ پلوامہ میں ایک گرینیڈ دھماکے میں ایک غیر مقامی مزدور ہلاک جبکہ دودیگر زخمی ہوئے۔
پولیس نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ عسکریت پسندوں نے پلوامہ کے گڑورہ علاقے میں غیر ریاستی مزدوروں پر گرینیڈ پھینکا جس میں ایک مزدور ہلاک جبکہ مزید دو شدید زخمی ہوۓ ہیں۔واقع کے فوراً بعد پورے علاقے کو محاصرے میں لے لیا گیااور حملہ اوروں کی تلاش جاری کر دی گٸ ہے۔
یہ دھماکہ جموں و کشمیر کا ریاستی درجہ ختم کرنے کے مرکزی حکومت کے متنازع فیصلے کے تین سال مکمل ہونے کے موقع پر ہوا ہے۔ حکام کو خدشہ ہے کہ یہ دھماکہ اس موقعے پر انتظامیہ کی طرف سے منعقد کیے جانے والے پروگرامز کو سبوتاژ کرنے کی غرض سے عسکریت پسندوں نے کیا ہوگا۔تین ماہ قبل کشمیر میں غیر ریاستی باشندوں کو نشانہ بنانے کے متعدد واقعات سامنے آئے تھے۔ آرٹیکل 370 کی منسوخی کی تیسری برسی سے ایک دن قبل یہ حملہ انجام دیا گیا۔ واضح رہے کہ اس سے قبل بھی اسی جگہ پر نامعلوم مسلح افراد نے ریاض احمد نامی پولیس اہلکار کو نزدیک سے گولیاں چلاکر ہلاک کردیا تھا۔